معذور افراد کے لئے معاون ٹیکنالوجی کو سستا بنانے کی ضرورت ہے، خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کا سوسائٹی فار دی ری ہیبلیٹیشن آف سپیشل چلڈرن سینٹر کے دورہ کے موقع پر خطاب
معذور افراد کے لئے معاون ٹیکنالوجی کو سستا بنانے کی ضرورت ہے، خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کا سوسائٹی فار دی ری ہیبلیٹیشن آف سپیشل چلڈرن سینٹر کے دورہ کے موقع پر خطاب
کراچی۔1جون (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے معذور افراد کے لئے معاون ٹیکنالوجی (اے ٹی) کو سستا بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے وہ ملک کے فعال اور کارآمد شہری بن سکیں گے، مہذب معاشرے معذور افراد کو ضروری ہنر اور تربیت فراہم کرکے انہیں یکساں اہمیت دیتے ہیں تاکہ انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوسائٹی فار دی ری ہیبلیٹیشن آف سپیشل چلڈرن سینٹر (ایس آر ایس سی) کراچی کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خاتون اول نے آگاہی، وسائل اور سرکاری و نجی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان میں ہر خصوصی بچے کو ضروری دیکھ بھال، تعلیم اور ترقی کے مواقع ملیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرکاری اور نجی اداروں میں معذور افراد کے لئے مخصوص کوٹہ پر مکمل طور پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 10 سے 15 فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہے اور انہیں سہولت، معاونت اور معاون ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کے کارآمد رکن بن سکیں۔مخیر حضرات اور اساتذہ کے ایک وفد کے ہمراہ خاتون اول نے معذور بچوں سے بات چیت کی اور انہیں مرکز میں تھراپی اور تفریحی خدمات کا جائزہ پیش کیا گیا۔ انہوں نے خصوصی بچوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا اور خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے لئے ایک جامع ماحول پیدا کرنے کے لئے پیشہ ور افراد اور دیکھ بھال کرنے والوں کی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔مرکز میں فراہم کی جانے والی علاج اور تھراپی کی سہولیات میں طبی علاج، دانتوں کا علاج، انٹلیکچول تھراپی، فزیوتھراپی، سپیچ تھراپی، پیشہ ورانہ تھراپی، کھیلوں کی تربیت اور پیشہ ورانہ تربیت شامل ہیں۔بحالی مرکز برائے خصوصی بچوں کے عہدیداروں نے خاتون اول کے دورے اور خصوصی بچوں کے حقوق کے لئے ان کے غیر متزلزل عزم پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے آگاہی پیدا کرنے، ہمدردی کو فروغ دینے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اس طرح کے دوروں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
Comments are closed.