صدرعارف علوی کا خصوصی بچوں کی فلاح کے لئے مربوط کوششوں ، تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور

صدرعارف علوی کا خصوصی بچوں کی فلاح کے لئے مربوط کوششوں ، تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور

کراچی۔1جون (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی بچوں کے لئے کام کرنے والے تنظیموں اور تمام شراکت داروں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ ان کی کوششوں کو ہم آہنگ کرتے ہوئے خصوصی بچوں کی بحالی کا کام مکمل اور جامع انداز میں سرانجام دیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں گورنر ہائوس میں ایسوسی ایشن آف ریٹارڈڈ چلڈرن کراچی (اے آر سی کے) کے وفد سے ملاقات میں کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ خیراتی اداروں نے خصوصی بچوں کی بحالی، تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ان کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور معاشرتی زندگی میں ان کی شمولیت کے لیے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9سال سے زائد عمر کے مختلف معذور بچوں کو نادرا میں خصوصی حیثیت کے ساتھ رجسٹر کیا جا سکتا ہے جو حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی خصوصی سہولیات تک ان کی رسائی کو یقینی بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں خصوصی بچوں اور ان کی مخصوص ضروریات کے حوالے سے معاشرے میں آگاہی میں اضافہ ہوا ہے لیکن ملک میں ایسے بچوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔صدر نے پسماندہ بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے مقصد کے لیے اے آر سی کے کی 50سال سے زائد عرصہ سے جاری کوششوں کو سراہا اورتنظیم کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اسی مقصد کے لیے برسرپیکار دیگر تنظیموں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں تاکہ ان کی کوششوں کا فائدہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پہنچ سکے۔

اس موقع پر بیگم ثمینہ عارف علوی نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے خصوصی بچوں کی بحالی کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے تمام متعلقہ انجمنوں اور تنظیموں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

اے آر سی کے وفد نے صدر کو ایسوسی ایشن کی کارکردگی، ان کے اسکول میں دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیگم ثمینہ عارف علوی کے ہمراہ ایسوسی ایشن آف ریٹارڈڈ چلڈرن اسکول کراچی کے خصوصی بچوں کے تیار کردہ دستکاری اور فن پاروں کا بھی مشاہدہ کیا اور ان کی محنت اور فنی خوبصورتی کو سراہا۔

Daily Askar

Comments are closed.