وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد ،صدر مملکت کی شالیمار ریکارڈنگ کمپنی کو سکیورٹی کمپنی کے 10.32 ملین روپے کے بقایاجات ادا کرنے کی ہدایت

 

وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد ،صدر مملکت کی شالیمار ریکارڈنگ کمپنی کو سکیورٹی کمپنی کے 10.32 ملین روپے کے بقایاجات ادا کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کمپنی کو سکیورٹی کمپنی کے 10.32 ملین روپے کے بقایاجات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف شالیمار ریکارڈنگ کمپنی کی اپیل مسترد کر دی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق شالیمار ریکارڈنگ نے سکیورٹی خدمات کے عوض ایک کمپنی کو 10.32 ملین روپے کے بقایاجات ادا کرنے تھے، شالیمار ریکارڈنگ نے مالی بحران کی وجہ سے رقم ادا کرنے سے معذوری ظاہر کی تھی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات سال کے اندر ماہانہ اقساط میں بقایا جات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں، اگر ضروری ہو تو سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات چھ ماہ کے اندر مجاز فورم سے منظوری لیں۔ وفاقی محتسب نے کمپنی کو خدمات کے مد میں 10320800 روپے ادا کرنے کی ہدایت کی تھی، شالیمار ریکارڈنگ کمپنی نے مالی مسائل کی وجہ سے اقساط میں بھی رقم ادا کرنے سے عاجزی کا اظہار کیا جس پر سکیورٹی کمپنی نے وفاقی محتسب سے رجوع کیا، جس نے اس کے حق میں احکامات جاری کیے۔ فیصلے کے بعد شالیمار ریکارڈنگ نے صدر مملکت کے پاس اپیل دائر کی جسے مسترد کردیا گیا۔صدر مملکت نے کہا کہ شالیمار کمپنی نے عجیب موقف اختیار کیا کہ یہ ”ایجنسی“کے زمرے میں نہیں آتی۔ صدر نے کہا کہ وزارت، ڈویژن یا کوئی قانونی کارپوریشن یا حکومت کے زیر انتظام یا قائم کردہ ادارہ ایجنسی کی تعریف میں آتا ہے ، شالیمار براڈکاسٹنگ ایک پبلک سیکٹر کمپنی ہے جو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت قائم ہوئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ شالیمار کمپنی رولز آف بزنس کے تحت انتظامی طور پر وزارت اطلاعات و نشریات کے ذریعے کنٹرول کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی جس کا اس نے اعتراف کیا، کمپنی نے رقم ادا کرنے سے انکار کیا جو کہ بدانتظامی کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وفاقی محتسب کا فیصلہ معقول اور منطقی ہے، شالیمار کمپنی اپنے موقف کی حمایت میں کچھ بھی پیش نہیں کرسکی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدانتظامی ثابت ہوئی لہٰذا شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کمپنی محتسب کے حکم کے مطابق بقایا جات ادا کرے ۔

Daily Askar

Comments are closed.