سربراہ پاک فضائیہ سے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن حمزہ خان کی ملاقات

سربراہ پاک فضائیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن پاک فضائیہ کے زیر سایہ، ملک میں سکواش کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات عمل میں لائے گی۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنے پر کوچنگ سٹاف کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے اسکواش کے کھیل کی کھوئی ہوئی ساکھ بہال کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے پر فیڈریشن کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ حمزہ خان جیسے کھلاڑیوں کی بھرپور محنت اور مخلصانہ کوششوں سے پاکستان ایک بار پھر دنیائے سکواش پر راج کرے گا. سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لینے پر چیف آف آرمی اسٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا۔

حمزہ خان نے اسکواش کے کھیل کو پھر سے نئی بلندیوں پر لے جانے اور اس خواب کو عملی جامہ پہنانے کے ساتھ ساتھ بے لوث تعاون پر پاک فضائیہ کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران حمزہ نے پاکستان سکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) کی جانب سے کھیل کے فروغ کے لیے عمل میں لائے گئے بے شمار اقدامات کو بھی سراہا جن میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی ترویج و ترقی، معیاری کوچنگ کی فراہمی اور سکواش کی بہترین اکیڈمیوں کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے زیر سایہ ان اسٹریٹیجک اقدامات کی بدولت اسکواش کے کھیل کی اہمیت کو ملکی و غیر ملکی سطح پر اجاگر کر کے یہ اہم سنگ میل عبور کرنا ممکن ہوا۔

Daily Askar

Comments are closed.