قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز میں تیزی سے ترقی کی وجہ سے قومی معیشتوں میں معدنی وسائل کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز میں تیزی سے ترقی کی وجہ سے قومی معیشتوں میں معدنی وسائل کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے، بین الاقوامی سطح پر مسابقتی پالیسی فریم ورک، مالیاتی اور ریگولیٹری نظاموں اور کم مزدوری کی لاگت کے ساتھ مل کر بڑی ارضیاتی صلاحیت نے پاکستان کو دنیا کے معدنی نقشے پر سرمایہ کاروں کیلئے ایک پرکشش مقام بنا دیا ہے۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آج منعقد ہونے والی پاکستان منرلز سمٹ میں دوست ممالک کے سفیروں، معدنیات کے شعبے کے ایگزیکٹوز، سائنسدانوں، صنعت کے ماہرین اور پالیسی سازوں کو اکٹھا کیا گیا تاکہ معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں موجود بے پناہ صلاحیتوں پر غور کیا جا سکے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سفارشات پیش کی جا سکیں۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے زیر اہتمام یہ سمٹ منعقد ہوئی، یہ زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر منعقدہ سمٹ کے بعد اس سلسلے کی تیسری سمٹ تھی۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز میں تیزی سے ترقی کی وجہ سے قومی معیشتوں میں معدنی وسائل کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ سمٹ نے نئےا ہداف والے علاقوں کے تعین، تلاش کی حکمت عملیوں کو بہتر بنانے اور معدنیات کو نکالنے کے لیے نئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ پاکستان کا محل وقوع،مٹی، عمارتی پتھر، صنعتی معدنیات، کوئلے سے لے کر دھاتی معدنیات اور قیمتی جواہرات تک کے معدنی وسائل کے حوالے سے مشہور ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مسابقتی پالیسی فریم ورک، مالیاتی اور ریگولیٹری نظاموں اور کم مزدوری کی لاگت کے ساتھ مل کر بڑی ارضیاتی صلاحیت نے پاکستان کو دنیا کے معدنی نقشے پر سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام بنا دیا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب ہماری معدنی دولت قومی جی ڈی پی میں موجودہ ایک فیصد سے کم سے بڑھ کر پانچ فیصد تک پہنچ جائے گی۔

Daily Askar

Comments are closed.