کوئٹہ یکم جنوری:۔ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے شہری اس ترقی یافتہ دور میں گوں ناگوں مسائل کے شکار ہیں جن کے پائیدار حل پر فوری اور سنجیدہ توجہ دینے کی ضرورت ہے. انہوں نے کوئٹہ میں صفائی کی ناقص صورتحال، نکاسی آب کی مناسب انتظام کی ناپیدی، سڑکوں کی خستہ حالی اور ٹریفک کے بھاو میں حائل رکاوٹیں جیسے گمبھیر مسائل آج بھی حل طلب ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنر ہاوس کوئٹہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی میں کوئٹہ شہر کے ارکان کی تعداد میں اضافہ بھی ان مسائل میں کمی کا باعث نہ بن سکا. گورنر بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی روایتی حسن و خوبصورتی کی بحالی کیلئے متعدد منصوبے بنائے گئے لیکن اس کے باوجود مثبت نتائج سامنے نہیں آئے. انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خاص طور سے متعلقہ حکام کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بڑھتے ہوئے مسائل پر سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے اس مقصد کیلئے نتیجہ خیز حکمت عملی وضع کر کے اس پر بلا تاخیر عملدرآمد بھی کرنا چاہیے.
Comments are closed.