آئندہ عام انتخابات 2024 کے لئے ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں کل بدھ تک دائر کی جاسکیں گی، جن پر فیصلوں کے لئے 24 اپیلٹ ٹربیونلز قائم کئے گئے ہیں جو 10 جنوری تک ان اپیلوں کو نمٹائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 25 سے 30 دسمبر تک ریٹرنگ افسران کی جانب سے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر کل 25 ہزار 951 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے جن میں سے 22 ہزار 711 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جاسکیں گی۔ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 جنوری تک ہوگی، ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 16 جنوری تک جبکہ اپیلیٹ ٹربیونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ19 جنوری کو ہوگا۔
امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 20 جنوری کو جبکہ کاغذات نامزدگی 22 جنوری کو واپس لئے جاسکیں گے۔ امیدواروں کی فہرست 23 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ جنرل نشستوں پر امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو شائع کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جاسکیں گے۔امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہوگی جبکہ پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔
Comments are closed.