گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ انسانیت کی خدمت میں ہی عظمت ہے،خدمت کو عبادت سمجھ کر کریں۔ خدمتِ خلق کے ذریعے آپس میں محبت و الفت کو فروغ حاصل ہوتا ہے،نفرتیں ختم ہوتی ہیں اور بحیثیت پاکستانی ہم سب کو معاشرے سے نفرتوں کو ختم کرنے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ محنت اور ایمانداری کامیابی کی کنجی ہے، ایمانداری سے فرائض کی انجام دہی سے اللہ تعالی مزید راستے کھولتاہے۔ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہرطبقہ کواپنی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور خلوص نیت سے ادا کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکے روز پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی پشاورکے دورہ کے دوران کمیونٹی مڈوائف کواسناددینے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر شہزادعلی خان، سیکرٹری محکمہ صحت خیبرپختونخوا محمود اسلم، ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ شوکت علی خان، ڈی جی پی ایچ ایس اے ڈاکٹر صاحب گل، پرنسپل پی جی پی آئی ڈاکٹر شاہین آفریدی، ڈاکٹرفخرالدین خٹک ایم ایس نصیراللہ بابرمیموریل ہسپتال،محکمہ صحت کے حکام، ڈاکٹرزاور بڑی تعداد میں طالبات نے شرکت کی۔ پی ایچ ایس اے پہنچنے پر گورنرکا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ گورنرنے اس موقع پر ذوالفقارعلی بھٹو پوسٹ گریجویٹ پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ میں پیرامیڈیکس بیچلرڈگری پروگرام کیلئے اکیڈمک بلاک اورسنٹر آف ایکسنی لینس اپلائیڈہیلتھ سائنسز /پبلک ہیلتھ کا افتتاح کیا۔تقریب میں پی ایچ ایس اے اور ہیلتھ سائنسز اکیڈمی اسلام آباد کے مابین الائیڈہیلتھ سائنسز کے بی ایس کلاسز کیلئے ایم او یو پردستخط بھی کئے گئے۔ گورنرنے تقریب میں فارغ التحصیل ہونیوالی کمیونٹی مڈوائف کواسناد دیے، صوبہ بھر سے مجموعی طور پر 604 کمیونٹی مڈوائف فارغ التحصیل ہوئے۔ ڈائریکٹرجنرل پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹرصاحب گل نے گورنر او ردیگرمہمانوں کا خیرمقدم کیا اور ادارے کی کارکردگی پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے اور طالبات کی حوصلہ افزائی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اورصوبے میں صحت وتعلیم کے فروغ کے حوالے سے گورنر کے وژن اور اقدامات کو سراہا۔تقریب سے وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد ڈاکٹرشہزادعلی خان،سیکرٹری محکمہ صحت محموداسلم اور ڈی جی ہیلتھ شوکت علی خان نے بھی خطاب کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے تعلیمی اسناد حاصل کرنے والی کمیونٹی مڈوائف، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دی اور کہاکہ آپ نے ڈپلومہ حاصل کرلیاہے لیکن جب تک آپ اپنے دلوں میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ زندہ نہیں رکھیں گے آپ معاشرے کو کچھ ڈیلیور نہیں کر سکیں گے اور یہی خدمت کا جذبہ آپ کو عملی زندگی میں کامیابیاں عطاء کرے گا،کمیونٹی مڈوائف کامقصد زچہ اور نوزائیدہ بچوں میں بیماری اوراموات کی شرح کو کم کیا جا ناہے اور اب یہ آپکی ذمہ داری ہے کہ جو کچھ آپ نے سیکھا ہے،عملی طور پر بہترین انداز سے ان ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ں ہو۔گورنرنے اس بات پربھی زوردیا کہ ہم سب کو ریاست اور ریاستی اداروں کا ساتھ دینا ہوگا، ریاست کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت گورنرصحت و تعلیم کی بہتری پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں،بجٹ کا بہت بڑاحصہ تعلیم اور صحت پرخرچ ہوتاہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ عوام کو اس کے ثمرات نہیں مل رہے،ہمیں ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرانے کی بجائے خود کودرست کرنا ہوگا اور ایمانداری سے فرائض سرانجام دینے ہوں گے۔گورنرنے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر صاحب گل کواور محکمہ صحت کے دیگرحکام کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ PHSA صوبہ بھر میں نرسنگ اور پیرا میڈیکس تعلیم میں بہترین خدمات انجام دے رہا ہے تاہم میری یہ خواہش ہو گی کہ ان خدمات کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے۔انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ مستقبل میں PHSA اور اس کے ذیلی ادارے شعبہ صحت میں اپنا مزید نام پیدا کرنے میں کامیابی حاصل کریں گے۔علاوہ ازیں گورنرسے ڈائریکٹرایلیمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا ثمینہ الطاف نے بھی گورنرہاوس میں ملاقات کی اور ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے گورنر کو آگاہ کیا۔دریں اثناء گورنرسے ایبٹ آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری سے عبدالرشیداور سید شفقت حسین شاہ نے بھی ملاقات کی اور مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا۔#
Comments are closed.