ایمرجنسی سروس نے 139574 متاثرین کو ماہ مئی کے دوران ریسکیو سروسز فراہم کیں۔

*ایمرجنسی سروس نے 139574 متاثرین کو ماہ مئی کے دوران ریسکیو سروسز فراہم کیں۔*
*پنجاب میں 34216ٹریفک حادثات میں 271 افرادجاں بحق ہوئے: ڈاکٹر رضوان نصیر*
لاہور(): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ایمرجنسی سروس نے ماہ مئی2023کے دوران پنجاب بھر میں سات منٹ کے اوسط رسپانس ٹائم کے ساتھ 146492ایمرجنسیز پہ رسپانڈ کرتے ہوئے139574متاثرین کو ریسکیو سروسزفراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ146492 ایمرجنسیزمیں 34216 روڈ ٹریفک حادثات، 91358میڈیکل ایمرجنسیز،2588آتشزدگی کے واقعات، 4035جرائم کے واقعات،103 ڈوبنے کے واقعات،97عمارتیں گرنے،1256جانوروں کو ریسکیو کرنے اور12839 متفرق آپریشن شامل ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے تمام ونگز کے سربراہان شریک تھے۔اس موقع پر صوبائی مانیٹرنگ سیل نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیرکو ماہانہ ایمرجنسی کے اعدادوشمار سے آگاہ کیا۔ صوبائی مانیٹرنگ سیل نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پنجاب میں 34216 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 271 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان ٹریفک حادثات میں سے زیادہ تر ٹریفک حادثات 7726 لاہور میں ہوئے جن میں 37 افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح فیصل آباد میں 2367،ملتان میں 2239، گوجرانوالہ میں 2072،شیخوپورہ میں 1418،راولپنڈی میں 1359 جبکہ باقی 30اضلاع میں 17035 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے۔اسی طرح آگ کے زیادہ تر واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں 655، فیصل آباد میں 181، راولپنڈی میں 153، شیخوپورہ میں 151،گوجرانوالہ میں 118 اورسیالکوٹ میں 104 رپورٹ ہوئے۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب میں نہروں، ندی نالوں اور جوہڑوں سمیت مختلف مقامات پر ڈوبنے کے 103 واقعات میں 73 افراد المناک طور پر جاں بحق ہوئے۔ ڈوبنے کے کل حادثات میں سے 58 نہروں، 12 ندی نالوں اور چھ سیوریج ڈرین وغیرہ میں پیش آئے۔ 53افراد نہروں میں، سات ندی نالوں میں، دو سیوریج نالوں میں، اور گیارہ جوہڑ وتالاب وغیرہ میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب میں ممکنہ سیلاب کی زد میں آنے والے اضلاع میں سیلاب سے نبردآزما ہونے کیلئے تیاری و انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب کے ہنگامی منصوبوں کی صحیح معنوں میں ریہرسل کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کی سیلاب کی صورت میں بروقت مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران پر زور دیا کہ وہ موٹر بوٹس اور دیگر متعلقہ آلات کی جانچ کے لیے فرضی مشقوں کو یقینی بنائیں اور ہنگامی انخلاء کی مشقوں کا بھی اہتمام کریں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے پنجاب بھر میں ڈوبنے کے واقعات میں 73 جانوں کے المناک نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ نہروں، ندیوں اور دیگر تفریحی مقامات پر نہاتے ہوئے حفاظتی پروٹوکول کی پابندی کریں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

Daily Askar

Comments are closed.