مادہ پرستی کے دور میں دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار سمجھنے والے افراد وادارے معاشرے میں باوقار مقام رکھتے ہیں، گورنر حاجی غلام علی

*مادہ پرستی کے دور میں دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار سمجھنے والے افراد وادارے معاشرے میں باوقار مقام رکھتے ہیں، گورنر حاجی غلام علی*

*گورنر کا یونیورسٹی روڈ پر خیراتی ادارے عمرذیابیطس فاؤنڈیشن پشاور برانچ کا افتتاح،شوگرمریضوں کے مفت علاج کیلئے ادارے کوخراج تحسین، ادویات کی فراہمی سمیت مکمل تعاون کی یقین دہانی*

*گورنر کا نگران صوبائی وزراء عدنان جلیل،ملک مہرالہٰی کے ہمراہ پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کا بھی دورہ،بزنس کمیونٹی کی جانب سے شاندار استقبال،کاروباری طبقہ کیلئے آسانیاں پیدا کرنے، مسائل ومشکلات کے حل پرگورنرکوخراج تحسین*

ہینڈآؤٹ۔174۔پشاور، 2 جون 2023ء
گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ معاشرے کوایسے افراد کی ضرورت ہے جو بغیر کسی لالچ کے دکھی انسانیت کی خدمت کو اپناشعار سمجھتے ہیں،مادہ پرستی کے دور میں ایسی خدمات عبادت ہیں اور اس سے وابستہ افراد نہ صرف قابل عزت ہیں بلکہ انکا نام بھی ہمیشہ زندہ رہتا ہے، اس ضمن میں عمرذیابیطس فاؤنڈیشن صحت مندمعاشرے کی تکمیل اور شوگر کے مکمل خاتمے کے لئے بے لوث مفت علاج معالجہ کی خدمات فراہم کررہاہے جوکہ نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ شوگر کے خاتمے کیلئے ایک عملی جدوجہد بھی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی روڈپشاور پر قائم ہونیوالے خیراتی ادارے عمرذیابیطس فاؤنڈیشن پشاور زیر اہتمام منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنرنے اس موقع پر نگران وزیر صنعت وتجارت عدنان جلیل، فاؤنڈیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) میاں محمدجمیل، فاؤنڈیشن ایگزیکٹیوڈاکٹر محمد عمر وہاب کے ہمراہ عمر ذیابیطس فاؤنڈیشن کا قیام کا باقاعدہ افتتاح کیااور شوگر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی، مفت شوگر ٹیسٹ سمیت دیگر طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر گورنر کا بھی ادارہ کیجانب سے مفت شوگر ٹیسٹ بھی کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں شعبہ طب سے وابستہ افراد اور مختلف طبقہ فکر کی بڑی تعداد بھی شریک تھیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں عمر ذیابیطس فاونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر عمر نے بتایا کہ فاونڈیشن کا بنیادی مقصد شوگر کے مرض کا مکمل خاتمہ ہے اور اس نیک مقصد کیلئے شوگر کے مریضوں کا مکمل مفت علاج معالجہ کیا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ 10 ہزار سے زائد شوگر کے مریض رجسٹرڈ کئے جا چکے ہیں جن کا بالکل مفت علاج کیا جا رہا ہے جبکہ شوگر سے آگاہی سے متعلق 100 سے زیادہ آگاہی کیمپس بھی لگائے گئے ہیں، انہوں نے کار خیر میں شرکت کرنے پر گورنر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر نے پشاور میں فاؤنڈیشن کے قیام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شوگر کے مریضوں میں پاکستان تیسرے نمبر پر ہے جس کی اہم وجہ اس بیماری کے متعلق آگاہی کی کمی اور وسائل کا نہ ہوناہے۔ شوگر ایک ایسا مرض ہے جو تیزی سے جسمانی اعضاء کوناقابل تلافی نقصان پہنچاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر بیماری تکلیف دہ ہوتی ہے، جسم کے تمام اعضاایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں اور ہربیماری سے پورا وجود متاثرہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ شوگر مریض کے علاج اور آگاہی کیلئے اس ادارے کی خدمات کوملک بھر میں متعارف کرائیں گے اور اس کی مکمل سرپرستی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ دن میں 5 دفعہ وضو کرنا بھی مختلف بیماریوں سے نجات کا باعث ہے، ہمیں اپنے بچوں کو بھی نماز کی عادت ڈالنی چاہئے کیونکہ صحت منداورتوانا جسم کے برقراررکھنے کیلئے آج جتنی بھی ریسرچ ہورہی ہیں وہ سب کچھ پہلے سے وضو اور نماز میں موجود ہے۔انہو ں نے کہاکہ ہمیں صحت مند رہنے کیلئے خود کو اور اپنے بچوں کوبسیارخوری سے پرہیزکرنے کے ساتھ معیاری خوراک پر توجہ دینی ہوگی کیونکہ احتیاط علاج سے زیادہ بہترہے۔انہوں نے کہا کہ اس شوگر مریضوں کے مکمل مفت علاج معالجہ کیلئے اس ادارے کا قیام طبی شعبہ میں نہ صرف حکومت کی مدد کا باعث ہے بلکہ اس شوگر کے مرض میں مبتلا غریب و نادار افراد کی بحالی کیلئے بھی مددگار ہے، علاوہ ازیں گورنرنے نگران صوبائی کابینہ کے اراکین عدنان جلیل اورملک مہرالٰہی کے ہمراہ پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کا بھی دورہ کیا۔ چیمبر پہنچنے پر صدر ملک سلمان الٰہی، سابقہ صدر شکیل احمد صراف، حاجی لعل جان اور بزنس کمیونٹی کے دیگرنمائندوں نے گورنر کا پرتپاک استقبال کیا۔مختلف بازاروں کے صدور، اراکین تنظیم تاجران، عمائدین،بلدیاتی چیئرمینوں، کونسلرز و دیگر سیاسی و غیر سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد موجودتھی۔چیمبر کے صدر، سینئر نائب صدر و دیگر تجارتی عہدیداروں نے صوبہ سمیت ملک بھر میں کاروباری طبقہ اور بالخصوص سمال چیمبرز کی ترقی و مسائل کے خاتمہ کیلئے گورنر کی عملی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورنر اپنے آئینی فرائض کے ساتھ صوبہ اور ملک کے کاروباری طبقہ کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں اور کاروباری طبقہ کے مسائل و مشکلات کے حل سے نہ صرف مکمل واقفیت رکھتے ہیں بلکہ کاروباری طبقہ کیلئے آسانیاں پیدا کرنے میں بھی عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں جو کہ لائین تحسین ہیں، اس موقع پر گورنرنے بزنس کمیونٹی کی جانب سے شاندار استقبال پر ان کاشکریہ ادا کیا اور کہاکہ سمال چیمبرز صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ ملک بھر میں کی ترقی میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں، کسی بھی ملک کی معیشت کی ترقی کا راز ملکی صنعت و تجارت سے وابستہ ہے،کاروباری طبقہ کو سہولیات کی فراہمی اور انکے کاروبار میں آسانیاں پیدا کئے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہاکہ پشاورشہر، یہاں کے عوام اور یہاں کاروباری افراد ان کے اپنے ہیں، پشاور کی ترقی، یہاں کے عوام کی خوشحالی اور کاروبارسے وابستہ لوگوں کی خدمت پرپہلے بھی کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور اب بھی آئینی فرائض سرانجام دیتارہوں گا۔انہوں نے واضح کیاکہ میں سستی شہرت کا قائل نہیں مسائل حل کرنا اپنافرض سمجھتاہوں، یہ عہدے کچھ نہیں اصل کام پشاور شہرسمیت صوبے اوراس ملک کی ترقی اورعوام کی خدمت ہے۔

Daily Askar

Comments are closed.