خواتین کا کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لیناحوصلہ افزاء امر ہے،گورنر حاجی غلام علی

گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ خواتین کا کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینا حوصلہ افزا امرہے۔وویمن چیمبر خواتین کو کاروباری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اورسہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔خواتین اسلامی شعائر کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے اس ملک کی معاشی ترقی وخوشحالی میں اپناکردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں وویمن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری پشاور ڈویڑن کے زیراہتمام منعقدہ وویمن ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں نگران صوبائی وزیر فضل الٰہی، وویمن چیمبر کی صدر عذرا جمشید، یواین ایچ سی آر خیبرپختونخوا کے ہیڈغیرت خان، ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ، فرسٹ لیڈی جنرل لیفٹیننٹ جنر ل(ر) نگار جوہر،گلیریا پشاور کے سربراہ احمد شجاع پاشا، نائب صدر وویمن چیمبر انیلہ خالد، ضیاء الحق سرحدی, خاتون پولیس آفیسرزسمیت بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں وویمن چیمبر، پاک مشن سوسائٹی اور پشاورگلیریا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔
تقریب میں خواتین کو ان کی کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعزاز میں ایوارڈز دیے گئے جن میں لیفٹیننٹ جنرل(ر) نگارجوہر، جسٹس(ر) ارشاد قیصر، رخشند ہ ناز، قرۃ العین، حسینہ شوکت، ثانیہ تنویر، لبنٰی اشرف، شبانہ عبداللہ، رابعہ بصری، عذرا نورین، مسرت خالد، توصیف بی بی، عائشہ خان، صائمہ محبوب اور انیلہ خالد شامل تھیں۔اس کے علاوہ وویمن چیمبر کے بانی الیاس بلور،غیرت احمد،سا جد حسین شاہ، اشفاق حسین،ذیشان احمد، محمداکبرخان اور عدیل احمدکو بھی ایوارڈز دیے گئے جبکہ چیمبر کی جانب سے گورنر کوبھی شیلڈ پیش کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ خواتین پراپنے خاندان، بچوں کی مستقبل سمیت بہت زیادہ ذمہ داریاں ہیں اور وہ ان تمام ترذمہ داریوں کوخوش اسلوبی کے ساتھ ادا کررہی ہے اور بالخصوص بچوں کے مستقبل میں ان کا انتہائی موثرکردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام نے خواتین کوباعزت مقام ومرتبہ عطاء کیا ہے اور خواتین کوجہاں دیگرحقوق حاصل ہیں وہاں وراثت میں بھی حقدار ٹھہرایاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاروبار میں ایمانداری اوراعلی معیار ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔انہوں نے خواتین پرزوردیاکہ کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں اوراپنے بچوں کو اسلامی روایات واقدار سے واقفیت دلانی چاہئیے۔خاندان کی اچھی تربیت، عزت واحترام ہمیں اسلام نے سکھایاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارامعاشرہ معاشرتی اقدار کے لحاظ سے انتہائی مضبوط ہے جس پر ہم سب کو فخرہے۔ گورنرنے وویمن چیمبر کی جانب سے ایکسی لینس ایوارڈ کے اقدام کو سراہا اور کہاکہ اس سے کاروبار سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی ہوگی اورخواتین کی تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سبب بھی بنے گا۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں فیڈریشن آف چیمبر کی شاندار عمارت تعمیر ہو رہی ہے جہاں خواتین سمیت تمام تاجربرادری کو کاروباری سطح پر سہولیات حاصل ہونگی، شروع دن سے تاجر برادری کو سہولیات اور تجارتی شعبہ کی ترقی کیلئے نہ صرف کوششیں کی ہیں بلکہ پایہ تکمیل تک بھی پہنچایا ہے۔#

Daily Askar

Comments are closed.