میڈیا کے کچھ حصوں میں نگران وزیراعظم کی صحافیوں سے بجلی کے بلوں سے متعلق گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، وزیراعظم نے ایسا ہر گز نہیں کہا کہ بجلی کے بلوں کا مسئلہ نان ایشو ہے، مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ میڈیا کے بعض حصوں میں نگران وزیراعظم کی صحافیوں سے بجلی کے بلوں کے حوالے سے ہونے والی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، وزیراعظم نے ایسا ہر گز نہیں کہا کہ بجلی کے بلوں کا مسئلہ نان ایشو ہے اور بجلی کے بلوں کے مسئلے سے لوگ پریشان نہیں ہیں بلکہ وزیراعظم نے یہ بتایا کہ یہ مسئلہ کیسے پیدا ہوا، کس طرح وہ اس مسئلے کے حل کی طرف جا رہے ہیں۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے 31 اگست (جمعرات) کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے، بجلی کے بلوں کے حوالے سے وزیراعظم کی گفتگو کو میڈیا کے کچھ حصوں میں سیاق و سباق سے ہٹ کر رپورٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے سوال کیا گیا کہ کیا بجلی کے بلوں کا معاملہ ایسا ہے جس سے ملک میں کوئی بھونچال آ گیا ہو یا انارکی پھیل گئی ہے؟ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ملک کے اندر انارکی کی صورتحال ہو۔ وزیراعظم نے یہ ہر گز نہیں کہا کہ بجلی کے بلوں کا مسئلہ نان ایشو ہے۔ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ بجلی کے بلوں کے مسئلہ سے لوگ پریشان نہیں ہیں بلکہ وزیراعظم نے یہ بتایا کہ یہ مسئلہ پیدا کیسے ہوا، کس طرح وہ اس مسئلے کے حل کی طرف جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ جن لوگوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے وہ بھی الیکشن کے ماحول کی وجہ سے اسے استعمال کر رہے ہیں لیکن یہ ہر گز نہیں کہا کہ لوگوں کی تکالیف ناجائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ذمہ دار صحافیوں نے بھی تصدیق کی کہ وزیراعظم نے ایسا نہیں کہا کہ یہ مسئلہ سنجیدہ نہیں بلکہ وزیراعظم نے یہ کہا تھا کہ عالمی اداروں کے ساتھ ہماری کمٹمنٹس ہیں، ہم عالمی اداروں سے کئے گئے وعدوں کو متاثر کئے بغیر لوگوں کی مشکلات کا کوئی حل نکالیں گے لیکن میڈیا میں رپورٹ ہوا کہ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے بلوں کا معاملہ سنجیدہ مسئلہ نہیں اور وزیراعظم کو پراجیکٹ کیا گیا کہ انہیں لوگوں کی مشکلات کا احساس نہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے اس موقع پر فیض احمد فیض کے شعر کا حوالہ دیا کہ ”وہ بات سارے فسانے میں جس کا ذکر نہ تھا……..وہ بات ان کو بہت ناگوار گذری ہے“ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ جو کچھ کہا جاتا ہے اسے درست انداز میں رپورٹ کیا جائے۔

Daily Askar

Comments are closed.