نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی ملاقات،حالیہ بم دھماکوں میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس، صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کا عزم

:نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی سے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو یہاں وزارت اطلاعات آمد پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا خیرمقدم کیا۔

دونوں وزرا نے حالیہ بم دھماکوں میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔ ملاقات میں انتخابات کے حوالے سے نگراں حکومت کی الیکشن کمیشن سے معاونت سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوا۔

نگران وفاقی وزرا نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن معاونت کریں گے۔ اس موقع پر نگرا ن وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے، ہمارا فرض ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔

Daily Askar

Comments are closed.