واپڈا کے ناصر اقبال اور پشاور کی ماہ نور علی تیسری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ 2025 کے فاتحین قرار

7

کراچی, 02 نومبر 25: تیسری چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2025 کا فائنل میچ اور تقسیم انعامات کی تقریب پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ٹورنامنٹ کا آخری میچ مردوں کی کیٹیگری میں واپڈا کے ناصر اقبال اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کے طیب اسلم جبکہ خواتین کی کیٹیگری میں پشاور سے ماہ نور علی اور سحرش علی کے درمیان کھیلا گیا۔ ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد واپڈا کے ناصر اقبال اور پشاور کی ماہ نور علی نے ٹائٹل اپنے نام کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کھیلوں، بالخصوص اسکواش کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، جو ماضی میں پاکستان کے لیے باعث فخر بنا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے تمام کھلاڑیوں کے جذبے اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ آئندہ بھی قومی و بین الاقوامی سطح پر اسکواش کے مقابلے منعقد کرتی رہے گی، جس کا مقصد اسکواش کے فروغ کے ساتھ ساتھ باصلاحیت قومی کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا اور نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اسکواش چیمپئن شپ کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے اور بہترین کارکردگی پر انہیں مبارک باد دی۔

اختتامی تقریب میں سول و عسکری معززین، اسپانسرز، قومی کھیلوں کی نمایاں شخصیات، سینئر اسکواش کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)

Web Desk

Comments are closed.