قومی رحمتہ اللعالمین اتھارٹی اسلاموفوبیا کے خلاف منظم پلان جلد سامنے لائے گی، بین الاقوامی قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد بھی جلد ہو گا، خورشید احمد ندیم

قومی رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے کہا ہے کہ اتھارٹی بہت جلد اسلاموفوبیا کے خلاف منظم پلان سامنے لائے گی، اقلیتوں کی رہنمائی اور مشاورت کے لئے بھی پلان ترتیب دیا جارہا ہے ،بین الاقوامی قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد بھی جلدکیا جائے گا، قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی سیرت کی روشنی میں ایک جامع کتاب جاری کرنے جارہی ہے، جیلوں کے اندر پولیس اور قیدیوں کی تربیت کا منظم نظام بنایا جائے گا ۔

بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خورشید ندیم نے کہا کہ 2021میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ۔صدارتی آرڈیننس کی مدت تین ماہ تھی ۔جولائی 2022میں باقاعدہ قانون کے ذریعے رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کو تحفظ دیا گیا جس کا بنیادی مقصد سیرت رسول ﷺکی روشنی میں معاشرے میں اخلاقی انقلاب برپا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمات سیرت کی روشنی میں جیلوں میں قیدیوں سے کیسا برتائو کیا جائے اس پر کام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جیلوں اور باقی جگہوں پر رحمتہ اللعالمین کارنرز بنانے جارہے ہیں ۔خانقاہی نظام کی بحالی کا پلان اوقاف کے ذریعے کیا جائے گا ۔ صحافت کے اندر بھی اخلاقی اقدار کیسے فروغ پائیں اس حوالے سے بھی منصوبہ زیر غور ہے ۔ اس حوالے سے پریس کلبز و صحافتی یونینز کی مدد لیں گے ۔اساتذہ کی تربیت اور نصاب کا پلان بھی زیر غور ہے اس حوالے سے ایچ ای سی کے ذریعے سیرت رسول ﷺکو فروغ دینے کے لئے پلان کررہے ہیں ۔قومی نصاب کونسل کے ساتھ ملکر سیرت چیئرزاور نصاب پر کام کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا کے استعمال کو سیرت رسول ﷺکے لئے کیسے استعمال کیا جائے اس پر بھی کام جاری ہے ۔سیرت پر ہونے والی تحقیق کو میگزین کی صورت میں شائع کریں گے ۔سیرت سے متعلقہ سوالات لازمی طورپر نصاب میں شامل ہوں گے۔ تحقیق و آگاہی کے ذریعے مرکز و صوبوں تک میں نصاب سے لیکر پالیسی سازی تک کی کوشش کی جائے گی۔ تمام اضلاع میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم رحمت اللعالمین مساجد کا قیام عمل میں لائیں گے ۔ مساجد کو نبوی دور کی طرح سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے ۔رحمت اللعالمین مساجد میں خواتین اور تمام مسالک کے لئے گنجائش ہوگی۔

Daily Askar

Comments are closed.