شمالی وزیرستان کے علاقہ مسکی میر علی میں نامعلوم دہشت گردوں نے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے چھ مزدوروں کو شہید کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقہ چھابری زیریں اور پیر عادل کے چھ نوجوانوں کو گزشتہ روز (منگل) کو شہید کردیا گیا۔راہب علی،عرفان،سجاد،طارق، شاہد اور کاشف وزیرستان کے علاقہ میر علی میں حجام کا کام کرتے تھے اور نامعلوم دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کرکے شہید کر دیا گیا۔
اس حوالے سے کمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے اور شہیدوں کے جسد خاکی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے صوبائی سرحدی چیک پوسٹ ترنمن سے آبائی علاقوں چھابری زیریں اور پیر عادل لائی جا رہی ہیں ،نماز جنازہ کے بعد سرکاری خرچ پر تدفین کرائی جائے گی۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نے بتایا کہ مخیر حضرات اگر متاثرہ خاندان کی مالی امداد کرنا چاہتے ہیں تو وہ ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان سے رابطہ کرسکتے ہیں اور متاثرہ خاندان کی مالی امداد کےلئے حکومت پنجاب کو بھی سفارشات ارسال کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی میتوں کو بنوں منتقل کر دیا گیا اور بنوں کینٹ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کردی گئی ہے۔سیکریٹری ڈی جی خان جمخانہ کلب ذوالفقار علی لغاری نے اراکین کی طرف سے مقتولین کی تدفین اور متاثرہ خاندانوں کو 6 لاکھ روپے عطیہ کئے ہیں۔اس حوالے سے آر پی او ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کی ہدایت پر ڈی پی او احمد محی الدین بنوں کینٹ میں فوجی افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
Comments are closed.