صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے میں محکمہ صحت اور خصوصاً ڈی جی ہیلتھ سروسسز کا اہم کردار رہا ہے

 

 

صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے میں محکمہ صحت اور خصوصاً ڈی جی ہیلتھ سروسسز کا اہم کردار رہا ہے اور اس ضمن میں گزشتہ سال شدید بارشوں کے دوران سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد وبائی امراض کا علاج کرنے میں ڈی جی ہیلتھ اور ان کے ادارے کی محنت اور کوششیں سے ان مشکل حالات میں مختلف بیماریوں پر قابو پانے کیلئے ان کی خدمات قابل تعریف ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسسز بلوچستان قاضی محمد نور سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر محتسب سیکرٹریٹ سعید احمد شاہوانی، ڈپٹی ڈائریکٹر سید عبدالحفیظ اور ڈی جی ہیلتھ کے آفیسر حاجی خضر حیات شاہوانی موجود تھے، صوبائی محتسب نے کہا کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے صوبے کے دور دراز علاقوں میں سرکاری ہسپتالوں اور دیگر ہیلتھ سینٹروں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کسی چیلنج سے کم نہیں لیکن ان تمام باتوں سے قطع نظر عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی ایک اہم فریضہ ہے جسے محکمہ صحت کے متعلقہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت معاشرے کے متعلقہ تمام طبقات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس کار خیر میں بھر پور حصہ لیں تاکہ موذی بیماریوں سے بچا جاسکے، صوبائی محتسب نے کہا کہ انہیں بعض علاقوں سے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی غیر موجودگی اور ادویات کی عدم فراہمی کے حوالے سے شکایات موصول ہوتے ہیں اور وہ ان شکایات کے ازالے کیلئے متعلقہ حکام سے باز پرس کرتے ہوئے ہدایات بھی جاری کرتے ہیں لہذٰا ڈی جی ہیلتھ پورے صوبے میں محکمہ صحت سے وابستہ لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرے تاکہ اس اہم شعبے کے لوگ پوری جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دے سکیں، دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسسز ڈاکٹر قاضی محمد نور نے صوبائی محتسب کو اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا، صوبائی محتسب نے ان کی محنت اور کاوشوں کو خوب سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سند اور یادگاری شیلڈ پیش کی۔

Daily Askar

Comments are closed.