سرسید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام اسمارٹ وپائیدارشہر کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد
سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی۔کراچی
یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، کراچی۔۔
سرسید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام اسمارٹ وپائیدارشہر کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد
کراچی، 3/اگست 2023ء۔۔سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ سول انجینئرنگ اینڈ آرکیٹکچرکے زیرِ اہتمام اسمارٹ اور پائیدار شہروں کے عنوان پر دو روزہ پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں روسائے کلیات، سربراہانِ شعبہ جات و دیگر نے شرکت کی۔کانفرنس کے مہمانِ خصوصی سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع، اور مہمانِ اعزازی معروف آرکیٹیکٹ و پلانر عارف حسن تھے جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر نعمان احمد نے بطور کلیدی مقرر ایک معلوماتی پریزنٹیشن دی۔کانفرنس میں شرکت کے لیے نیپال کی پوکھارا یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر گووند پرشاد اور بنکاک کی یونیورسٹی سے انجینئر آشیش سپکوٹا بطور خاص تشریف لائے اور اپنے مقالے پیش کئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا کہ منصوبہ سازوں کو دن کی روشنی نظر نہیں آتی۔۔جس ملک میں ایک بڑے شہر کراچی کی مردم شماری کے بارے میں تحفظات پائے جائیں، وہاں مستقبل کی بہترین پلاننگ کے کیاامکانات ہوسکتے ہیں۔شہرکراچی کے معاملات بالکل مختلف ہیں۔ڈاکٹر کی غلطی تو زمین کے نیچے یعنی قبر میں چھپ جاتی ہے مگر انجینئر کی غلطی زمین کے اوپر واضح نظر آتی ہے۔۔
اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ ایک اسمارٹ و پائیدار شہر کا خیال بالکل نیا اور جدید ہے۔اسمارٹ شہر نہ صرف لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بناتے ہیں بلکہ انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شہری ترقیاتی کاموں اور خدمات کو مزید بہتر اور موثر بناتے ہیں۔اسمارٹ اور پائیدار شہر معاشی سرگرمیوں، ماحولیاتی تحفظ فراہم کرنے اور سماجی ہم آہنگی بڑھانے کے متحرک مرکز بن جاتے ہیں۔
سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ تیکنیکی طور پر،مستقبل کی انجینئرنگ میں پائیدار اور اسمارٹ شہروں کا بہت اہم کردار ہے۔۔بنیادی انفرااسٹرکچر سے مزین اسمارٹ شہر، سادہ شہروں کے مقابلے میں ایک معیاری زندگی اور پاک و صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے عصری چیلنجوں کا اچھے اور بہتر طریقے سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔سرسید یونیورسٹی، اکیڈمیا اور انڈسٹری کے باہمی اشتراک سے، قومی اقتصادی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے اور جدید دور کے چیلنجوں سے بخوبی نمٹ رہی ہے۔
معروف آرکیٹیکٹ و پلانر عارف حسن نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کا مسئلہ یہ ہے کہ نہ ہی اس کی صحیح سے دیکھ بھا ل کی جاتی ہے اور نہ ہی اسے ڈھنگ سے چلایا جاتا ہے۔سب سے بڑی خرابی مینجمنٹ کی ہے۔ایک مناسب ادارے کی سرپرستی اور نگرانی کے بغیرکسی نظام کو اچھے طریقے سے چلانا ممکن نہیں ہے اور مناسب ادارہ کی موثر کارکردگی کی بنیاد پالیسی ہے۔آپ سماجی انصاف، مساوات اورلوگوں کی شراکت کو یقینی بنائے بغیر انفرااسٹرکچر کی ترقی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔۔
کلید ی مقرر این ای ڈی کے فیکلٹی آف آرکیٹکچر و مینجمنٹ سائنسز کے ڈین، ڈاکٹر نعمان احمد نے کہا کہ اسمارٹنس کا مطلب ہے کہ کم وسائل میں زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنا۔انہوں نے بتایا کہ شہر کی نصف سے زیادہ آبادی کچی بستیوں میں رہتی ہے۔
اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ یہ کانفرنس ماہرین ِ تعلیم اور ریسرچ اسکالرز کے لیے انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدید اور ابھرتی ہوئی پیش رفتوں اور رجحانات کے بارے میں جاننے اور معلومات حاصل کرنے کابہترین موقع فراہم کرتی ہے۔حالیہ برسوں میں اسمارٹ شہروں کے تصور نے دنیا بھر میں بہت مقبولیت حاصل کرلی ہے۔یہ تصور شہری ترقی کے لیے فوائد کی ایک وسیع رینج پیش کررہا ہے۔اسمارٹ شہر دارصل شہری علاقے ہیں جو شہری خدمات اور شہریوں کی زندگی کے معیار کو کو بہتر کرنے کے لیے انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہیں۔
سرسید یونیورسٹی کے فیکلٹی آف سول انجینئرنگ اینڈ آرکیٹکچر کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر میر شبّر علی نے کہا کہ ہمارا معاشرہ مسلسل ارتقاء کے عمل سے گزر رہا ہے۔انسان، ٹیکنالوجی اور ماحول مسلسل وقت کے ساتھ نئی تبدیلیوں کے مطابق ڈھل رہے ہیں۔اسمارٹ شہروں کا مقصد معیاری رہائش، سماجی ہم آہنگی، ثقافتی اور تعلیمی سہولیات، صحت کی معیاری صورتحا ل اور عوامی تحفظ تک رسائی ہے۔
اس موقع پرشعبہ آرکیٹکچر کے سربراہ فضل نور اور شعبہ سول انجینئرنگ کے سربراہ ڈاکٹر عمران نے بھی خطاب کیا۔
عبدالحامد دکنی ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن
کیپشن: مہمانِ خصوصی ڈاکٹر طارق رفیع، سرسیدیونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، اوررجسٹرار سید سرفراز علی کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
Comments are closed.