جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا ضم ضلع باجوڑ کا مشترکہ دورہ

ہینڈآؤٹ۔236۔پشاور،3 اگست 2023ء
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے جمعرات کے روز ضم ضلع باجوڑ کا مشترکہ دورہ کیا اور ضلع باجوڑکے صدر مقام خار کے جرگہ ہال میں باجوڑ دھماکے کے شہداء کے لواحقین اورمتاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور گورنر ہاؤس کی جانب سے باجوڑ دھماکے کے شہداء کیلئے فی کس 20 لاکھ اور زخمیوں کیلئے فی کس 7 لاکھ روپے کی امدادی رقم کے چیک موقع پر سینیٹر عبدالرشید اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ انوارالحق کے حوالے کئے جو شہداء کے لواحقین اور زخمیوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ سابق گورنر انجینئر شوکت اللہ، رکن قومی اسمبلی مولاناجمال الدین، سابق سینیٹر مولاناعبدالرشید، تحصیل میئر سید باچا، مولاناعطاء الحق درویش، ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈڈویژن ناصر محمود ستی، ڈپٹی کمشنر باجوڑ انوارالحق، ڈی پی او نذیر خان بھی موجود تھے۔ جرگہ ہال خار میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور گورنر خیبرپختونخوا متاثرین باجوڑ دھماکہ سے اظہارتعزیت کیا، دھماکے کے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور متاثرہ خاندانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے ان کے ہمت وجذبے اور صبرو استقامت کو داد دی۔اس موقع پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی باجوڑ دھماکے کے شہداء کے لواحقین سے فرداً فرداً ملے جس پرجرگہ ہال میں جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔جرگہ ہال میں باجوڑ ضلع کے عمائدین، شہدا ء کے ورثاء اور زخمیوں کے خاندانوں سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ صوبائی حکومت متاثرین باجوڑدھماکہ کو کسی صورت تنہا چھوڑے گی۔ زخمیوں کے پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں بہترین علاج معالجہ جاری ہے اور وہ بذات خودتین دفعہ سی ایم ایچ اور ایل آر ایچ کا دورہ کرچکے ہیں اور ایک ایک زخمی سے ملاقات کی ہے اور اُن کا حوصلہ بڑھایا اور ہسپتال انتظامیہ کوہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم سانحہ باجوڑ پر غمزدہ ہے۔ بے گناہ قیمتی جانوں کاخون بہانا کوئی بھی مذہب اجازت نہیں دیتا،خیبرپختونخوا سمیت ملک کو کمزور اور بدامنی پھیلانے والے عناصر کبھی بھی اپنے ان مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ دھماکہ کے دلخراش واقعہ سے بہت تکلیف ہوئی ہے، باجوڑ دورہ کا مقصد شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرنا اور یہ ظاہر کرنا ہے کہ ہم آپکے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔#

Daily Askar

Comments are closed.