عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے واضح اور جامع پالیسیاں وضع کیں،

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہم نے واضح اور جامع پالیسیاں وضع کیں، نگران حکومت اور آئندہ منتخب شدہ حکومت ہماری ادارہ جاتی اصلاحات سے مستفید ہوں گی اور میں پر امید ہوں کہ اس ویژن کو جاری رکھیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو اپنی حکومت کے کارکردگی کے اہداف پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس کو حکومتی کارکردگی کے اشاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کے 15 ماہ میں محصولات میں 16 فیصد جبکہ ایکٹیو ٹیکس دہندگان کی تعداد میں 13 لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 90 لاکھ اضافی مستحق لوگوں تک حکومتی مدد پہنچائی گئی۔بجلی کے شعبے میں وصولیاں 94 فیصد رہیں۔آئی ٹی شعبے کی برآمدت میں وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی و ترجیح کی بدولت گزشتہ چار ماہ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا۔حکومتی اقدامات و پالیسیوں کی بدولت گزشتہ مالی سال میں آئی ٹی برآمدات 2۔6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔گزشتہ مالی سال میں بیرونی سرمایہ کاری 1۔45 ارب ڈالر رہی۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام سے مستقبل قریب میں بیرونی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔1۔8 کھرب کے تاریخی کسان پیکیج میں کسانوں کی معاونت و سہولت کے 99 فیصد اہداف حاصل کرلئے گئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہماری توجہ کا مرکز عوامی فلاح کے منصوبہ جات تھے۔عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہم نے واضح اور جامع پالیسیاں وضع کیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچا کر معیشت کو استحکام کی طرف گامزن کیا گیا۔نگران حکومت اور آئندہ منتخب شدہ حکومت ہماری ادارہ جاتی اصلاحات سے مستفید ہونگی اور میں پر امید ہوں کہ اس ویژن کو جاری رکھیں گی۔وزیراعظم نے بین الوزارتی مسائل کے حل اور تعاون بڑھانے کیلئے ایک جامع نظام کی موجودگی پر زور دیا۔وزیراعظم نے گزشتہ چند ماہ میں حکومتی کارکردگی کے اہداف پر پیش رفت کے جائزے کیلئے 26 اجلاسوں کی خود صدارت کی۔انہوں نے کہا کہ ہم “ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ کا ایک ایسا لائحہ عمل چھوڑ کر جا رہے ہیں جو کہ ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزراء، ترقیاتی شرکت داروں اور سرکاری افسران کے تعاون پر انکا شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، سید نوید قمر، اسحاق ڈار، طارق بشیر چیمہ، انجینئر خرم دستگیر، عابد حسین بھائیو، معاونین خصوصی طارق باجوہ، جہانزیب خان، چیئر مین ایف بی آر، اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سر مائیکل باربر خصوصی طور پر برطانیہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔

Daily Askar

Comments are closed.