کوئٹہ 4جنوری:۔گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ سیاست ایک انتہائی پیچیدہ لیکن ایک لازمی سماجی عمل ہے. تعمیری سیاسی سرگرمی اور شعوری جدوجہد انسان کو محدود تنگ نائے سے نکال کر وسیع تناظر میں لے جاتی ہے کیونکہ سیاسی شعور ہی ہمیں نسل، رنگ اور ذات پات کی محدودیت سے نکال قومی مفاد کا علمبردار اور حقیقی معنوں میں اس گلوبل ویلیج کا حصہ بنا دیتا ہے. لہٰذا کارکنوں کو چاہیے کہ وہ تنظیمی نظم و ضبط، مفاد خلق، اجتماعی دانش اور قائدانہ وسیع النظری اپنے اندر سمونے کی کوشش کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ سیاست ایک سماجی ذمہ داری ہے اور سیاسی اراکین اپنی ذمہ داری نبھانے کیلئے ہر وقت عوام کے ساتھ قریبی تعلق میں اچھے لگتے ہیں اور عوامی مسائل و مشکلات سے متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ رکھتے ہیں. نوجوانوں کا فریضہ ہے کہ وہ اپنی سیاسی قیادت کے ساتھ نہ صرف مسلسل فعال رابطہ رکھیں بلکہ انسانی خدمت، سماجی ترقی اور معاشی مستقبل کے بارے میں مصدقہ علم اور معلومات حاصل کریں. انہوں نے کہا کہ ایک ترقی پذیر معاشرے کا حصہ ہونے کے ناطے سے آپ کا فرض ہے کہ بلاامتیاز معاشرے کے تمام لوگوں کے دکھ درد محسوس کریں اور جس حد تک ممکن ہو ایک دوسرے سے تعاون و مدد کریں. گورنر بلوچستان نے کہا کہ وقت آن پہنچا ہے کہ ہم اپنے ووٹ کے درست استعمال کیلئے محض حاکم کی بجائے عوام کی حقیقی خادموں کا انتخاب کریں.
Comments are closed.