دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے60افراد کو 1کروڑ72لاکھ سے زائد مالی ریلیف کی فراہمی

 

دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے60افراد کو 1کروڑ72لاکھ سے زائد مالی ریلیف کی فراہمی
لاہور04جون:……دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے عوامی ریلیف کی درخواستوں پر کارروائی کے نتیجے میں 60 لوگوں کی تکالیف کے ازالے کے علاوہ انہیں متعلقہ محکموں سے ایک کروڑ 72 لاکھ 38 ہزار 187 روپے کا مالی ریلیف بھی ملا ہے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب کی ہدایت پر یونیورسٹی آف میانوالی نے درخواست گزار محمد حنظلہ زبیر سمیت 52 طالبعلموں کو نیڈ بیسڈ سکالر شپ کے بقایاجات مبلغ92 لاکھ 82 ہزار 843 روپے ادا کر دیے ہیں۔ اسی طرح محتسب آفس کی مداخلت پر ضلعی تعلیمی اتھارٹی چکوال نے شکایت کنندہ حاجی مہر محمد کو مالی امداد کی مد میں 22 لاکھ روپے، ضلعی انتظامیہ لودھراں نے متوفی پٹواری غلام مرتضی کی بیوہ عائشہ مائی کو 19 لاکھ روپے، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان نے عبدالواحد کو سکیورٹی ریفنڈ کی مد میں 17 لاکھ 70 ہزار 824 روپے اور محکمہ زراعت نے راجن پور کے محمد ابو بکر سمیت 21 کاشت کاروں کو نمائشی زرعی پلاٹس کے اخراجات کی مد میں 12 لاکھ 53 ہزار 70 روپے ادا کیے ہیں۔دریں اثناء دفتر محتسب پنجاب کے حکم پر راولپنڈی کے علاقہ سنگھڑ ٹاؤن کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 80 لاکھ سے نیا ٹیوب ویل نصب کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزیدبتایا کہ عوامی شکایات کی مختلف درخواستوں پر کارروائی کے نتیجے میں ملتان کی فرزانہ کنول کو پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے مراعاتی پیکج کی مد میں آٹھ لاکھ 31 ہزار 450 روپے ادا کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح محتسب آفس کی مداخلت پر گوجرانوالہ میں فتو منڈ چوک کی مرمت و بحالی کیلئے 71 لاکھ 82 ہزار روپے کا ورک آرڈر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پاکپتن کے محلہ نوری میں پانچ لاکھ روپے سے گلی کا لیول درست کر کے سولنگ ڈال دی گئی ہے جس سے مقامی آبادی کو صاف ماحول میسر آیا ہے۔

Daily Askar

Comments are closed.