وفد کی قیادت بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی کر رہے ہیں

لاہور  ایشیا کپ 2023 کے درمیان بی سی سی آئی کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کا چار رکنی وفد آج واہگہ بارڈر کے راستے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچا۔ اس وفد کی قیادت بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی کر رہے ہیں، جس میں بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا بھی پاکستان کے اس اہم دورے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
راجیو شکلا نے امرتسر سے لاہور روانہ ہونے سے پہلے میڈیا کو بتایا کہ “پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے، یہ خالصتاً کرکٹ کا دورہ ہے، اس میں کوئی سیاست شامل نہیں ہے، یہ 2 روزہ دورہ ہے اور پنجاب کے گورنر نے آج رات ہمارے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا ہے‘‘۔ واہگہ بارڈر پر ان کی آمد پر میڈیا کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔

بعد ازاں وفد کو سخت حفاظتی اقدامات کے تحت پرل کانٹی نینٹل ہوٹل پہنچایا گیا، جہاں اس وقت سری لنکا، پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو ٹھہرایا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کے اس وفد کے دورے کا بنیادی مقصد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ وہ منگل کو قذافی سٹیڈیم میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ایشیا کپ 2023ء کا میچ دیکھنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ مزید برآں، وفد کی بدھ کو پاکستان کے سپر فور میچ میں شرکت کا بھی امکان ہے۔ سفارتی خیر سگالی اور تعاون کے اظہار کے طور پر وفد گورنر ہاؤس میں دیے گئے سرکاری عشائیہ میں بھی شرکت کرے گا۔

Daily Askar

Comments are closed.