: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا حل موجود نہ ہو. اس ضمن میں ملک اور صوبے کو درپیش پیچیدہ مسائل کے پائیدار حل کیلئے ہمیں سنجیدہ فیصلے کرنے ہوں گے. انہوں نے کہا کہ ہمیں پنجگور جیسے پسماندہ علاقے کے عوام کی بنیادی سہولیات سے محرومی کا خوب احساس ہے اور موجودہ حکومت صوبے کے پسماندہ اور دورافتادہ اضلاع میں تمام بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے کوشاں ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی ضلعی صدر عبدالغفار شامبیزئی اور جنرل سیکرٹری قدیر بلوچ کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. ملاقات میں باڈر ٹریڈز، شاہراہوں کی خستہ حالی، امن وامان کی صورتحال اور صحت و تعلیم کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا. وفد نے گورنر بلوچستان کو پنجگور اور اس سے متصل دیگر علاقوں کے درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ترقی یافتہ دور میں بھی زندگی کی بنیادی سہولیات سسے محروم ہیں. وفد نے مطالبہ کیا کہ پورے علاقے میں ڈاکٹروں اور اساتذہ کرام کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں. گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل کو غور اور توجہ سے سنا اور ان کے حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی. گورنر بلوچستان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ بہت جلد پنجگور کا دورہ بھی کریں گے.
Comments are closed.