:خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) تمام فریقین کو شامل کرتے ہوئے بھرپور مشغولیت کے ذریعے سرمایہ کاری سے متعلق اقدامات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہی ہے۔ اس مناسبت سے کونسل کی انتظامی کمیٹی (فنکشنل ٹیئر ) کا چوتھا اجلاس پیرکو منعقد ہوا جس کا مقصد رکاوٹوں کو دور کرنا اور سرمایہ کاری کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانا تھا۔ اجلاس کی صدارت وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے کی اور اس میں قومی رابطہ کار برائے ایس آئی ایف سی، متعلقہ وفاقی و صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔ متعلقہ وزارتوں نے مختلف پہلوئوں پر پیش رفت پیش اور خصوصی توجہ کے متقاضی شعبوں پر روشنی ڈالی۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کی جاری آئوٹ ریچ حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کاروباری برادری اور بیرون ملک مشنز کی شمولیت سے اس عمل کو مزید تقویت دینے کی ہدایت کی۔ آخر میں کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی سفارش کی جس میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ پالیسی مداخلت، سرمایہ کاروں کے لیے ویزا کی سہولت، تنازعات کے انتظام /حل کے طریقہ کار اور زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبے میں منظور شدہ منصوبوں کی تکنیکی بہتری پر توجہ دی گئی۔ ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے سفارش کردہ امور کو ان کی منظوری اور عملدرآمد کے لیے وزیراعظم کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
Comments are closed.