جسمانی صلاحیت ، سماجی و اقتصادی پس منظر سے قطع نظر تمام بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع میسر کرنا ہوں گے

جسمانی صلاحیت ، سماجی و اقتصادی پس منظر سے قطع نظر تمام بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع میسر کرنا ہوں گے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی کراچی کے نجی سکولوں اور این جی اوز کے زیرانتظام سکولوں کے نمائندوں سے ملاقات

 

):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک بھر کے سکولوں میں خصوصی بچوں کیلئے جامع تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جسمانی صلاحیت ، سماجی و اقتصادی پس منظر سے قطع نظر تمام بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع میسر کرنا ہوں گے، نجی سکول ، فلاحی تنظیمیں معذوری کے حامل بچوں سمیت سب کیلئے تعلیم تک رسائی بڑھانے میں حکومتوں کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں کراچی کے نجی سکولوں اور این جی اوز کے زیرانتظام سکولوں کے نمائندوں سے ملاقات میں کیا۔ وزیر وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی، سندھ کی وزیر تعلیم و خواندگی مسز رانا حسین، سیکرٹری ڈیپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز، سیکرٹری سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ اور کراچی میں سکولوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ صدر مملکت نے سکولوں کیلئے جامع نصاب کی تیاری اور نفاذ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامع نصاب میں متنوع تدریسی طریقوں اور معذوری کے حامل طلباء کی ضروریات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو ریمپ، لفٹ اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنانی چاہیے۔ انہوں نے جامع تعلیم پر ایک بنیادی چارٹ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس میں جامع تعلیم کے تمام بنیادی پہلوئوں کو شامل کیا جانا چاہیے۔ صدر عارف علوی نے نجی شعبے اور این جی اوز کی مدد سے پاکستان میں جامع تعلیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے پر بھی زوردیتے ہوئے کہا کہ سندھ سکول ایجوکیشن اور خصوصی افرد کو بااختیار بنانے کے محکمے نجی سکولوں اور این جی اوز کے ساتھ رابطہ رکھیں، نجی سکول جامع تعلیم پر اپنے وژن اور بہترین تجربات کو حکومت سندھ کے ساتھ شیئر کریں۔ صدرمملکت نے کہا کہ جامع تعلیم پر بنیادی چارٹ کی تیاری کیلئے نجی سکولوں کو خصوصی افراد پر موجودہ قانونی فریم ورک کو مدنظر رکھنا چاہیے، نجی سکول پہلی سے آٹھویں جماعت تک جامع تعلیم پر نیشنل بک فائونڈیشن کے نصاب کا جائزہ لیں۔وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر مدد علی سندھی نے ملک بھر میں سکولوں کی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں جامع تعلیم کے پیغام کو آگے بڑھانے پر صدر مملکت اور خاتون اول کو سراہا۔ قبل ازیں صدر مملکت کو خصوصی افراد کو بااختیار بنانے اور جامع تعلیم پر بریفنگ دی گئی ۔

Daily Askar

Comments are closed.