*پاکستان آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا حق خود ارادیت کے دن پر پیغام*
اسلام آباد۔ 5جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے، کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک ان کے لئے ہماری بھرپور اور مسلسل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حق خود ارادیت کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہر سال، 5 جنوری کو، ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں، آج کے دن 1949 میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی توثیق کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے جسے اقوام متحدہ کے متعدد بنیادی معاہدوں، بشمول شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی عہد اور اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے بین الاقوامی عہد میں برقرار رکھا گیا ہے۔
کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حق خود ارادیت سے متعلق اپنی سالانہ قرارداد میں اس کی توثیق کی ہے تاہم، بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ تسلط جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے گزشتہ 76 سال جموں و کشمیر کے لوگوں پر جبر کی ایک افسوسناک داستان ہیں۔صدر عارف علوی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنا قبضہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس متنازعہ علاقے کی حیثیت سے متعلق 11 دسمبر 2023ء کا بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ اس سمت میں تازہ ترین قدم ہے، بھارت ایسے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو مزید محکوم بنانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت اور آزادی اور وقار کے ساتھ جینے کے حق سے مسلسل انکاری ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو مظلوم کشمیری عوام کی جانب ذمہ داری کی یاد دلانا ہے۔ اقوام متحدہ کو 75 سال قبل کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کا احترام کرنا چاہئے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرنی چاہئے۔
Comments are closed.