مسعود خان کا بہتر پاک امریکہ تعلقات کے لیے تارکین وطن کے درمیان یکجہتی پر زور ۔

مسعود خان کا بہتر پاک امریکہ تعلقات کے لیے تارکین وطن کے درمیان یکجہتی پر زور ۔
تارکین وطن اپنی کامیابیوں سے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر رہے ہیں۔
واشنگٹن ڈی سی، 5 جون، 2023
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے درمیان اتحاد ملک کے مفادات اور بہتر پاک امریکہ تعلقات کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔
سفیر پاکستان نے یہ بات میری لینڈ میں واقع پاکستان فارم ہاؤس میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ساہی اور گوندل برادران کے زیر اہتمام منعقدہ اجتماع میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی رہنما شامل تھے۔
مسعود خان نے پاکستانی تارکین وطن کی پیشہ ورانہ اور سیاسی زندگیوں میں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی کامیابیاں پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کرتی ہیں۔
تارکین وطن کے ان کی مادر وطن کے ساتھ مضبوط روابط اور امریکہ میں کمیونٹی کی طرف سے پاکستانی ثقافت کو پیش کرنے کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ کمیونٹی پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے۔
مسعود خان نے پاکستان میں مختلف کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کے حوالے سے تارکین وطن کی سرمایہ کاری اور خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔
پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے تمام ممکنہ شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس تناظر میں سفیر پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی، صحت، سلامتی اور توانائی سمیت متعدد شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ جنگ اور امن دونوں میں شراکت دار رہے ہیں لیکن موجودہ دور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی میں تعاون کا دور ہے۔ ہم نے اس ضمن میں گذشتہ چند مہینوں کے دوران نمایاں پیش رفت کی ہے اور ہمیں ان کوششوں کے مثبت نتائج کی توقع ہے ۔
جموں و کشمیر کے بارے میں ایک سوال پر سفیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اقوام متحدہ سمیت تمام پلیٹ فارمز پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
سفیر نے معظم ساہی اور ان کے بھائیوں کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے کمیونٹی کے تمام رہنماؤں کو ایک چھت کے نیچے اکٹھا کیا اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

Daily Askar

Comments are closed.