حکومت سندھ کی جانب سے مٹیاری ضلع کے سیلاب متاثرین کو مکانات بنواکر دینے کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے مٹیاری ضلع کے سیلاب متاثرین کو مکانات بنواکر دینے کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں نے تعلقہ سعیدآباد کے 2 سو متاثرین میں مالکانہ حقوق کی سندیں تقسیم کی۔ اس حوالے سے نیوسعیدآباد کے ڈائمنڈ ہال میں منعقدہ تقریب میں ممبر قومی اسمبلی شگفتہ جمانی، ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید جواد مظفر، ایس ایس پی محمد کلیم ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون منظور لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سید جنید شاہ، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد علی شان ملک، مخدوم عمار حیدر، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی سعیدآباد سرفراز احمد راہو نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں پر سیلاب متاثرین کے لئے نہ صرف مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ان کو مالکانہ حقوق کی اسناد بھی دی جارہی ہیں جو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا تاریخی اور انقلابی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں سے گذشتہ سال سیلاب متاثر لاکھوں خاندانوں کی مکمل بحالی کے لئے سندھ حکومت سندھ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم (SPHF) کے تحت مکانات تعمیر کروارہی ہے۔ انہوں نے بورڈ آف روینیو اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے سروے کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مٹیاری کے 45000 سے زیادہ متاثرین کو گوٹھ آباد اسکیم کے تحت جلد مکانات تعمیر کرواکر دیئے جائینگے۔ایک سوال کے جواب میں مخدوم محبوب الزماں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے سبب مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، امید ہے کہ جلد صورتحال معمول پر آجائے گی۔ وزیر روینیو سندھ مخدوم محبوب الزماں نے عمران خان کی گرفتاری سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ اس معاملے پر بات کرنا فضول ہے، عمران خان کی کوئی بھی حیثیت نہیں ہے۔

Daily Askar

Comments are closed.