کراچی5/، ستمبر2023۔۔فرانسیسی وفد نے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین سے ملاقات کی۔دورکنی وفد پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے کی ہائر ایجوکیشن کی پروگرام انچارج محترمہ عارفہ سلطانہ اور کیمپس فرانس افسر محترمہ فبیحہ عزیز پر مشتمل تھا۔دورے کا مقصدسرسید یونیورسٹی کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنا اور ممکنہ تعاون اور پارٹنرشپ کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر ایک معلوماتی سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ڈین، سربراہانِ شعبہ جات اور فیکلٹی ممبران و دیگر نے حصہ لیا۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز نے اس موقع پر سرسیدیونیورسٹی سے متعلق ایک معلوماتی اور جامع پریزنٹیشن دی جس میں سرسید یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرام، کامیابیوں اور مستبقل کے منصوبوں کو اجاگر کیا گیا تھا۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ طلباء کی بڑی تعداد اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرونی ممالک جاتی ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگیوں میں معاشی اور پیشہ ورانہ لحاظ سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔ٹیکنالوجی تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور ہمیں برق رفتار تبدیلی کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنا ہوگا۔سرسید یونیورسٹی اعلیٰ معیارِ تعلیم اور اپنی تحقیقی سرگرمیوں کے باعث اکیڈمک سیکٹر میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کی وزارت نے بین الاقوامی طلباء کو داخلوں کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کرنے اور انہیں ہرممکن سہولت پہنچانے کے لئے Etudes en France کے نام سے ایک پورٹل متعارف کرایا ہے جو اکتوبر 2023 میں پاکستان میں پوری طرح فعال ہوگا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اس سال ہم کراچی کی جامعات کے بارے میں معلومات حاصل کررہے ہیں۔Choose France Education Fair کا دوسر ایڈیشن 19 /اکتوبر 2023 کو کراچی میں منعقد ہوگا اور اس تعلیمی میلے میں شرکت کے لیے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی فرانس کی 12جامعات آرہی ہیں۔بعد ازاں ان جامعات کے عہدیداردو طرفہ تعاون اور باہمی اشتراک کے امکانات کا جائز ہ لینے کے لیے کراچی کے تعلیمی اداروں کا دورہ کریں گے اور جامعات کے وائس چانسلرز سے ملاقات کریں گے۔ہم چاہتے ہیں کہ سرسید یونیورسٹی کے طلباء اس تعلیمی میلے میں شرکت کریں تاکہ وہ فرانس کی جامعات اور داخلوں کے طریقہ کار کے بارے میں جان سکیں۔فرانس کی بارہ جامعات کی اس میلے میں شرکت کا مقصد ان طلباء کو سہولت اور ضروری معلومات فراہم کرنا ہے جو فرانس میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔
محترمہ عارفہ سلطانہ نے اس بات پر زور دیا کہ ابھی ہمارے پاس تین سالہ ریسرچ موبیلیٹی پروگرام ہے جو آپ کو فرانس کا دورہ کرنے، فرانسیسی لیبارٹریز دیکھنے اور فرانس کے ریسرچ اسکالرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔حکومتِ فرانس اور ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان، اس پروجیکٹ کی فنڈنگ کررہے ہیں۔ یہ ایک منفرد اور دیرپااشتراک کی پیشکش ہے۔ فرانس کی جامعات کے ساتھ تعاون کے نتیجے میں فرانسیسی پروفیسرز ایک یا دو ہفتوں کے لیے یہاں کی جامعات میں لیکچرز دینے کے لیے پاکستا ن آسکتے ہیں۔ہمارے سمسٹر ایکسچینج پروگرام میں بھی تعاون کی گنجائش موجود ہے۔
پاکستان میں تعینات کیمپس فرانس افسر محترمہ فبیحہ عزیز نے کہا کہ کیمپس فرانس پاکستان میں ہائر ایجوکیشن سے متعلق مکمل اور جامع معلومات موجود ہیں۔ فرانس میں غیر ملکی طلباء کی سہولت اورفرانسیسی زبان سے ناواقفیت کی وجہ سے پیدا ہونے والی دشوریوں کو کم کرنے کے لیے خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔فرانس میں طلباء کو صنعتی تعلقات اور رابطوں سے آگاہ کرنے کے لیے 4 سے6 ماہ کی انٹرن شپ کرنا لازمی ہے۔
قبل ازیں رجسٹرار سید سرفراز علی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور بحریہ کے افسر کے طور پر جرمنی میں تعیناتی کے دوران اپنے تجربات شیئر کئے اور خصوصاََ وہ دور جب وہ جرمنی سے ماسٹر ز کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ جب طلباء اعلیٰ تعلیم کے لیے غیرملکی یونیورسٹیوں میں جاتے ہیں تو وہ تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ وہاں کی ثقافت، روایات اور زبان سے بھی آگاہ ہوتے ہیں۔
فرانسیسی وفد کے ساتھ ملاقات طے کرنے اور معلوماتی سیشن کے انعقاد پر پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر فطانی کی کوششوں کو بے حد سراہا گیا۔بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے رجسٹرار سید سرفراز علی، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف، سربراہانِ شعبہ جات اور فیکلٹی ممبران کے ہمراہ مہمانوں کو سوونیئر پیش کئے۔
عبدالحامد دکنی
ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن
کیپشن: سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین کا فرانسیسی وفد کے شرکاء اور جامعہ کے عہدیداران کے ساتھ گروپ فوٹو۔
Comments are closed.