نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت آئین کی مکمل پاسداری کرے گی، ہمارے پاس لا محدود اختیارات نہیں، اپنے اختیار سے تجاوز نہیں کرنا چاہیں گے، اپنے کردار سے ہمیں ثابت کرنا ہے کہ ہمارا کوئی فیورٹ نہیں، تمام جماعتوں کو مساوی مواقع دینا اور اس کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، اگر کسی سیاسی جماعت کو لگتا ہے کہ اس کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے تو وہ الیکشن کمیشن یا عدالت کے پاس جائے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرویز الٰہی کو ایک ایف آئی آر کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، ان کی گرفتاری کے حوالے سے پولیس کے پاس اختیار تھا کہ ان کو گرفتار کرے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سیاستدان کسی مقدمے میں گرفتار ہو وہ سیاسی قیدی نہیں ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کا حق اور اظہار رائے کی آزادی ہر ایک کو حاصل ہے، پرامن احتجاج عوام کا حق ہے لیکن پرتشدد احتجاج اور سڑکیں بند کرنے کی گنجائش آئین میں نہیں۔ انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے دست و بازو ہیں، آزادانہ، منصفانہ، شفاف انتخابات کے انعقاد کی جو تاریخ الیکشن کمیشن دے گا اس پر انتخابات کو یقینی بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مساوی سلوک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وضاحت ضروری ہوتی ہے، کراچی اقتصادی حب ہے، تاجر برادری سے ملاقاتوں کی شروعات وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کی۔
Comments are closed.