مجھے تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر تنقید پر دھیان دیتا تو میں کوئی کام نہ کر سکتا، صرف صبح آکر چائے پیتا اور گھر چلا جاتا:محسن نقوی
اراضی منتقلی کا ای رجسٹریشن ماڈل سسٹم، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کے پہلے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا افتتاح کر دیا
رائیونڈ اور شالیمار میں 2 ماڈل سنٹر 31جنوری تک مکمل کرنیکا حکم،سب رجسٹرارز راوی،سمن آباد اور داتا گنج بخش ٹاؤنز کے دفاتر بھی ماڈل سنٹرمنتقل
فیس کی آن لائن ادائیگی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت،پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ای رجسٹریشن سنٹرزبنائے جائیں گے:محسن نقوی
اب مینول طریقے سے رجسٹری نہیں ہوگی،لاہور میں مینول رجسٹری پر پابندی، ٹیکس چوری ختم ہوگی،فی الحال سکولوں میں چھٹیاں بڑھانے کا فیصلہ نہیں ہوا
آپ سے رجسٹری کے پیسے تو نہیں لیے گئے،وزیر اعلیٰ کا گڑھی شاہو کے رہائشی سے سوال، شہری نے سسٹم کو سراہا اور بتایا کہ پیسے نہیں لیے گئے اور سسٹم بھی آسان ہے
وزیر اعلیٰ نے ای رجسٹریشن ماڈل نظام کے اجراء پر سینئرممبر بورڈ آف ریونیو،پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، انتظامیہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا
لاہور6جنوری:-پنجاب میں اراضی کی منتقلی کے لئے ای رجسٹریشن کا ماڈل نظام متعارف کر ادیا گیا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے آج ایل ڈی اے پلازہ کشمیر روڈ پر پنجاب کے پہلے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا افتتاح کیا۔ ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر میں شہریوں کی سہولت کے لئے راوی ٹاؤن،سمن آباد ٹاؤن اور داتا گنج بخش ٹاؤن کے سب رجسٹرارز کے دفاتر منتقل کیے گئے۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے رائیونڈ اور شالیمار میں دو مزید ای رجسٹریشن سنٹرز 31جنوری تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور اراضی منتقلی کے ای نظام کا معائنہ کیا۔انہوں نے شہریوں کی سہولت کے لئے فیس کی آن لائن ادائیگی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ای رجسٹریشن سنٹر میں بینک آف پنجاب کی برانچ کا بھی دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سنٹر میں قائم راوی ٹاؤن،سمن آباد ٹاؤن اور داتا گنج بخش ٹاؤن کے سب رجسٹرارز کے دفاتر کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اراضی منتقلی کے لئے آئے شہریوں سے گفتگو کی اور ای رجسٹریشن نظام کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر اعلیٰ نے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر میں موجود گڑھی شاہو کے رہائشی سے سوال کیا کہ آپ سے رجسٹری کے پیسے تو نہیں لیے گئے،شہری نے ای رجسٹریشن سسٹم کو سراہتے ہوئے جواب دیا کہ پیسے نہیں لیے گئے اور رجسٹری کا سسٹم بھی اب آسان ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تینوں ٹاؤن کی اراضی کی منتقلی کا عمل ایک ہی چھت تلے ای رجسٹریشن سنٹر پر ہوگا۔عوام کو اراضی منتقلی کے لئے دفاتر کے چکر لگانے سے سے نجات ملے گی۔ ای رجسٹریشن سنٹر کے قیام سے اراضی منتقلی کے عمل سے شفافیت آئے گی، کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ای رجسٹریشن سنٹرزبنائے جائیں گے۔لاہور میں پہلے ای رجسٹریشن کا افتتاح کر دیا ہے، باقی دو سنٹرز بھی جلد مکمل کریں گے۔ میں چند روز میں رائیونڈ اور شالیمار جاکر سنٹرزپر کام کا جائزہ لوں گا۔ ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر پر کم سے کم وقت میں ای رجسٹری کے تمام مراحل کو مکمل ہونگے۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ای رجسٹریشن نظام کے اجراء پر سینئرممبر بورڈ آف ریونیو،پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، انتظامیہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ای رجسٹریشن نظام کے تحت اراضی کی منتقلی کے عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے لاہور میں پہلے ای رجسٹریشن سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب مینول طریقے سے رجسٹری نہیں ہوگی، اب تک 2لاکھ 21ہزار رجسٹریاں ہوچکی ہیں۔ لاہور میں مینول رجسٹری پر پابندی لگا دی گئی ہے، صرف ای رجسٹری ہوگی۔ ای رجسٹریشن سنٹر میں شہریوں کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک ای رجسٹریشن سنٹرکا افتتاح کر دیا ہے جبکہ دومزید ای رجسٹریشن سنٹر شالیمار ٹاؤن اور رائیونڈ میں بنائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ 31جنوری تک دونوں ای رجسٹریشن سنٹر ز کو مکمل کریں۔ ای رجسٹریشن سنٹر میں بینک آف پنجاب کی سہولت مہیا کی گئی، جلد نادراکی بھی سہولت فراہم کر دیں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ای رجسٹریشن سنٹر بننے سے ٹیکس چوری ختم ہوگی۔ کچھ عرصہ قبل داتا گنج بخش ٹاؤن رجسٹری آفس کا دورہ کیا تھا، دفتر کی حالت انتہائی خستہ حال تھی، بیٹھنے کی کوئی جگہ نہیں تھی، تب فیصلہ کیا کہ رجسٹریشن آفس کی حالت بہتر کریں گے۔سب نے محنت کی ہے، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کی ہے۔ ای رجسٹریشن سنٹر پر لوگوں کو آرام دہ سہولتیں مہیا ہونگی اور فراڈ سے بھی بچیں گے۔انہوں نے کہا کہ زیر التواء درخواستیں ڈیش بورڈ پر وضع ہونگی۔ ای رجسٹریشن سنٹر بننے سے رجسٹری کا عمل تاخیر کا شکار نہیں ہوگا اور موقع پر ہی رجسٹری ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ مجھے پروٹوکول سے فرق پڑتا نہ تنقید سے، تنقید بہت سی باتوں پر ہوتی ہے۔تنقید کا مجھے کوئی ایشو نہیں،اگر تنقید پر دھیان دیتا تو میں کوئی کام نہ کر سکتا اورمیں صرف صبح آکر چائے پیتا اور گھر چلا جاتا، تنقید سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ای رجسٹریشن سنٹر بننے سے رشوت سے متعلق شکایات کا خاتمہ ہوگا۔ ہر چیز کمپیوٹر ائزڈ ہے، وقت کا ضیاع نہیں ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ فی الحال سکولوں میں چھٹیاں بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئرممبر بورڈ آف ریونیو،کمشنر لاہورو ڈی جی ایل ڈی اے،، ڈپٹی کمشنر لاہور،ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Comments are closed.