ملتان چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یاربھروانہ نے ملتان سمیت ریجن کے زیر انتظام جنوبی پنجاب کے13اضلاع میں نادہندگان کے خلاف آج سے گرینڈ آپریشن کرنیکا حکم دیدیاہے
ملتان
چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یاربھروانہ نے ملتان سمیت ریجن کے زیر انتظام جنوبی پنجاب کے13اضلاع میں نادہندگان کے خلاف آج سے گرینڈ آپریشن کرنیکا حکم دیدیاہے اور میپکو کے تمام آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو کہا ہے کہ رننگ اور مستقل نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیاجائے۔ پرائیویٹ نادہندگان کے ساتھ سرکاری اداروں /محکموں سے بھی ماہانہ بلوں اور واجب الادا رقوم وصول کی جائیں۔ جون میں ریکوری ٹارگٹس حاصل نہ کرنے والے افسران نئے مالی سال 2023-24ء کے آغاز میں محکمانہ کاروائی کے لئے تیار رہیں۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ویڈیولنک کے ذریعے سپریٹنڈنگ انجینئرز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے تمام آپریشن ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت کی کہ ریکوری مہم کامیاب بنانے کے لئے دن اور رات میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیاجائے اور بلوں /واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں بغیر کسی رعایت کنکشنز منقطع کئے جائیں۔ ریکوری سٹاف کو بیچ وائز فہرستیں روزانہ فراہم کی جائیں اور روزانہ رات کو ریکوری رپورٹ تیار کی جائے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تمام آپریشنل افسران کو ساڑھے سات بجے صبح دفاتر میں حاضر ہونیکا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ڈی اوز/ایکسین دفتری اوقات کار کی پابندی یقینی بنائیں۔ میں خود دفاتر کے لینڈ لائن نمبرز پر چیک کروں گا اگر کوئی افسر غیر حاضر پایاگیاتو سخت محکمانہ ایکشن لیاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اوورریڈنگ /اووربلنگ کی شکایات کا مکمل خاتمہ کیاجائے اور صارفین کی میٹرریڈنگ کی درست اور واضح تصاویر کی اشاعت کی شرح 100فیصد کی جائے جو ریکوری میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔ انہوں نے موسمی حالات کے پیش نظر تمام افسران بجلی فراہمی میں تعطل کی صورت میں کم سے کم وقت میں بجلی بحال کرنے کے لئے اقدامات کریں اور سرکلوں میں قائم کنٹرول رومز سے بجلی ترسیل کی مانیٹرنگ بھی کی جائے۔ کانفرنس میں تمام آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ اس موقع پرجنرل منیجر آپریشن ناصر ایاز گرمانی، جنرل منیجر ٹیکنیکل رانا محمد ایوب خان، چیف انجینئر کسٹمرسروسز جام گُل محمد زاہد، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ ارشد دھرالہ،چیف انجینئر ٹی اینڈ جی خالد نذیر، چیف انجینئر او اینڈ ایم محمد شہزاد راعی، ڈائریکٹرکمرشل اسد حماد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن سہیل بشیر بھی موجودتھے۔
Comments are closed.