سربراہ پاک فضائیہ سےآذربائیجان کے صدر کے مشیر کی ملاقات

سربراہ پاک فضائیہ سےآذربائیجان کے صدر کے مشیر کی ملاقات

06 جولائی، 2023: آذربائیجان کے صدر کے مشیر جناب خالد احدوف کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے آج سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے کئی اہم امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو فضائی، خلائی اور سائبر شعبوں میں آپریشنل مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وژن سے آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو کہ بے مثال اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین تعاون اور تربیتی شعبے میں موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا، “پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔”

آذربائیجان کے صدر کے مشیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی تاریخی اور مثالی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور ہوا بازی کی صنعت میں مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے لیئے کی گئی قابلِ ذکر پیش رفت پر پاک فضائیہ کی تعریف کی۔ معزز مہمان نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

قبل ازیں جناب خالد احدوف نے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور اسے جدت سے ہم کنار کے لیے جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

*ترجمان پاک فضائیہ*

Daily Askar

Comments are closed.