پرویز الٰہی بھی اب نامعلوم افراد میں شامل ہوچکے ہیں: حافظ حسین احمد

کوئٹہ/ کراچی/ اسلام آباد (پ ر) جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان والوں کی طرح اب پرویز الٰہی بھی نامعلوم افراد کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں پرویز الٰہی کے پرویز خٹک بننے تک رہائی و گرفتاری کا عمل جاری رہے گا، پرویز الٰہی کل تک جن کی آنکھ کا تارا تھے آج وہی ان کو آنکھیں دیکھا رہے ہیں اور وہ جن کے ضامن بنتے تھے آج وہی ان کی ضمانت ہونے نہیں دے رہے۔ بدھ کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستمبر کا مہینہ کئی حوالوں سے ستمگر ثابت ہوگا، ستمبر میں ہونے والی تبدیلیوں کے بعد سیاستدانوں کا گھیرا تنگ ہوگا اس لیے اب آنے کا نہیں بلکہ باہر جانے کا وقت ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی کس نے کی یہ سوال نہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ اب مہنگائی پر قابو کیسے پایا جائے مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہوچکا ہے مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو عوام حکمرانوں کا جینا حرام کردے گی، حافظ حسین احمد نے کہا کہ اتحادی حکومت میں چینی برآمد سمیت دیگر معاملات پر پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات لگائے جارہے ہیں حالانکہ اس وقت ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم کے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کہاں ہے یہ مجھے بھی نہیں معلوم البتہ سب کی نظریں اصل نگرانوں پر ہیں وہ کہاں اور کس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اس کے بعد ہی سب کی پوزیشن واضح ہوگی۔

Daily Askar

Comments are closed.