ورلڈ اسپیس ویک 2023 کے حوالے سے جمعہ کی صبح گوادر گرائمر اسکول گوادر کی جانب سے گوادر میرین ڈرائیو پر اسپیس واک منعقد کیا گیا۔ واک کا آغاز آر سی ڈی کونسل گوادر سے ہوا اور میرین ڈرائیو پر بوٹ بیسن کے مقام پر اختتام پذیر ہوا۔ واک میں اسکول طلبا اور اساتذہ کے علاوہ بچوں والدین نے بھی حصہ لیا۔ واک میں بہت سے طلبا خلانورد، خلائی مخلوق اور راکٹ وغیرہ کا روپ دھار کر شریک ہوئے۔ کئی طلبا نظام شمسی اور سیاروں کے روپ میں شامل تھے۔ بچوں نے پوسٹرز، پینٹگز اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔ بوٹ بیسن پر واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انجنئیر داداللہ یوسف نے کہا کہ وہ تین سالوں سے اسپیس ویک میں شریک ہیں اور آج یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ اس مرتبہ طلبا اور خاص طور پر بچوں کی بڑی تعداد مختلف انداز میں واک میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب انٹرنیٹ نے دنیا بھر کاعلم آپ کی دسترس میں رکھ دیا ہے۔ بلدیہ گوادر کے کونسلر نوید محمد نے شرکاﺅ سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کے جوش و خروش کی تعریف کی اور کہا کہ آج طلبا کے تلاش اور تحقیق کے لیے بہترین مواد آسانی سے دستیاب ہے اس کو استعمال کریں اور اپنے آپ کو مقابلے اور مہارت کے لیے تیار کریں۔ اسکول کے سابق طالب علم اور معروف ایکٹیوسٹ نفیسہ رشید نے واک میں شریک طلبہ کو شاندار واک پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ گوادر گرائمر اسکول کی اسپیس ویک کے پروگرامز سے بچوں کو بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کو ملتا ہے جو طلبا کے لیے بہت اہم ہے۔ اسکول کے پرنسپل ناصر سہرابی نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سال کے واک میں مختلف بچوں کی رنگا رنگ کاسٹیومز اور تھیمز میں شرکت والدین کی دلچسپی اور توجہ کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیس ویک کے پروگرام بدھ تک جاری رہیں گے۔
Comments are closed.