اسلام آباد، 06 دسمبر — اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں چار اہم کارروائیوں کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 1152.8 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرلیں، جن کی مالیت 21 کروڑ 43
لاکھ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی کے نیٹ ورک کو روکنے کے لیے خصوصی مہم چلائی گئی۔ گلگت کے شاہین لنک روڈ، مین بازار کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 288 گرام چرس برآمد ہوئی، جس نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
بین الاقوامی کاروائی کے دوران لاہور کے علامہ اقبال ٹاؤن میں آسٹریلیا جانے والے ایک پارسل سے بچوں کے کھلونوں میں چھپائی گئی 120 گرام ہیروئن برآمد کر
لی گئی۔
ملکی سطح پر کی گئی دو کارروائیوں میں بھی بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی گئیں۔ انڈس ہائی وے، جامشورو میں ایک موٹر سائیکل سوار سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ سب سے بڑی کارروائی میں تحصیل تفتان، ضلع باغی کے ایک گھر سے 1100 کلوگرام افیون اور 50 کلوگرام ہیروئن قبضے میں لی گئی۔
تمام کارروائیوں کے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
Comments are closed.