کلام پاک کی بے حرمتی ناقابل برداشت حرکت اور ایک سنگین جرم ہے، گورنرحاجی غلام علی
*کلام پاک کی بے حرمتی ناقابل برداشت حرکت اور ایک سنگین جرم ہے، گورنرحاجی غلام علی*
*خاتم النبین حضرت محمدمصطفی ﷺ پرنازل کی گئی عظیم الشان کتاب قرآن پاک سے مسلمانوں کو اپنی جان، مال،اولاد اور اپنے عہدوں سے بڑھ کر عقیدت ہے،گورنر*
*گورنرکی نگران صوبائی وزراء کے ہمراہ یوم تقدیس قرآن پر فردوس چوک پشاور میں منعقدہ احتجاجی ریلی میں شرکت*
ہینڈآؤٹ۔212۔پشاور،7 جولائی2023ء
گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ قرآن کریم کی بے حرمتی کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا، ناموس قرآن پاک ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔ سویڈن میں حالیہ واقعہ سے امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے۔خاتم النبین حضرت محمدمصطفی ﷺ پرنازل کی گئی عظیم الشان کتاب قرآن پاک سے مسلمانوں کو اپنی جان، مال،اولاد اور اپنے عہدوں سے بڑھ کر عقیدت ہے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ کے روزیوم تقدیس قرآن کے موقع پرنوشوبابامسجدفردوس چوک پشاورسے نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی ریلی میں نگران صوبائی وزراء بیرسٹرفیروزجمال شاہ کاکاخیل، فضل الہی، حامد شاہ،ہدایت اللہ افریدی، رحمت سلام خٹک، سیاسی وسماجی شخصیات، علماء کرام، بزنس کمیونٹی، ضلع پشاور کے عوام سمیت ہرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پرسویڈن کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی اور ملعون راسموس پالوڈان کی جانب سے اہانت کی شدید مذمت کی گئی،مغربی ممالک اوراقوام متحدہ سے مطالبہ کیاگیاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثراقدامات اٹھائے جائے اور قانون سازی کی جائے۔ ریلی میں حالیہ واقعے میں ملوث عناصرکے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیاگیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر،نگران صوبائی وزراء بیرسٹرفیروزجمال شاہ کاکاخیل، فضل الہی، حامد شاہ،ہدایت اللہ افریدی اوررحمت سلام خٹک نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک بھر میں یوم تقدیس قرآن منانے کے اعلان کو سراہا اورانہیں خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ پوری قوم قرآن عظیم الشان کی حفاظت اور تقدس یقینی بنانے کیلئے باہرنکلی ہے اوردنیا پر واضح کردیاہے کہ قرآن پاک ہمارے لئے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کی بے حرمتی پر خاموش نہیں رہیں گے۔ گورنرنے کہاکہ قرآن کریم اہل اسلام کے دلوں کی گہرائیوں میں ہے، قرآن مجیدقیامت تک کیلئے انسانیت کی رشدوہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مغربی ممالک کو اظہاررائے کی آزادی کے نام پر اسلامی شعائر کی بے حرمتی اور اسلاموفوبیا کی اجازت ہرگزنہیں دی جاسکتی۔ کلام پاک کی بے حرمتی ناقابل برداشت حرکت اور ایک سنگین جرم ہے۔انہوں نے کہاکہ قرآن کریم اور دیگراسلامی شعائر کی حفاظت اور تقدس کیلئے ہرقربانی کیلئے تیارہیں اوریہی کامل ایمان کاتقاضاہے۔
Comments are closed.