آنے والے انتخابات میں پورے سندھ سے بھرپور تعداد میں ایم کیو ایم سیٹیں نکالے گی، ڈاکٹر فاروق ستار
ایم کیو کے زیرِ اہتمام عشرہ آزادی 14 اگست جشن آزادی کے سلسلے میں سوسائٹی ٹاؤن میں پرچم کشائی اور کیک کٹنگ کی تقریب کا انعقاد
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام عشرہ آزادی 14 اگست کے سلسلے میں سوسائٹی ٹاؤن کی جانب سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے *سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار* نے کہا کہ آزادی ہم نے حاصل کی تھی تو اس کی قدر اور حفاظت بھی کریں گے اور انشاء اللہ 76 واں یومِ آزادی ہم نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے اس ہی سلسلے میں ہم نے تاریخ کو تصویر کی صورت میں بیان بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 فیصد وڈیرے اور جاگیر دار عرصہ دراز سے اس ملک پر قابض ہیں ہم سب نے مل کر اس فرسودہ نظام کا خاتمہ کرنا ہے ہم نے پر امن طریقے سے سیاسی جد وجہد کا آغاز کیا ہوا ہے پاکستان کے سیاسی نظام میں ایم کیو ایم کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایم کیو ایم نے وقت سے پہلے دوبارہ مردم شُماری کا انعقاد کروایا اور اس کے بعد مردم شُماری میں لاپتہ و گمشدہ 70 لاکھ افراد کو بھی بازیاب کرایا ہے کراچی کی آبادی کا تناسب باقی صوبے سے زیادہ ہے یہ ہے ایم کیو ایم کا کارنامہ پہلی مرتبہ ہماری آبادی کا 27 فیصد تناسب رہا ہے اور باقی آبادی کا تناسب ساڑھے گیارہ فیصد رہا ہے ہمارے بچے جاگیر داروں اور وڈیروں سے زیادہ پاکستان کے تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں کراچی چلتا ہے تو نا صرف پاکستان بلکہ اسلام آباد اور پنڈی بھی پلتا ہے ایم کیو ایم کی یہ چھوٹی کامیابی ہے اور بہت جلد بڑی کامیابی بھی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی والوں سے بھتہ وصول کیا جارہا ہے غیر قانونی بل کی مد میں وزیراعظم سمیت وزیر توانائی سے بھی شکایت درج کروادی ہے ایم کیو ایم کا لاپتہ آبادی کی بازیابی کی طرح کے الیکٹرک کے مسائل بھی حل کروائے گی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ آنے والے انتخابات میں پورے سندھ سے بھرپور تعداد میں ایم کیو ایم سیٹیں نکالے گی 5 فیصد ووٹ حاصل کرنے والا میئر بلدیہ عظمیٰ کے اندر بیٹھ کر فیصلہ کرے گا اور ایم کیو ایم بلدیہ عظمیٰ کے باہر بیٹھ کر عوام کے مسائل حل کرے گی ۔ انکا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جس طرح دن رات محنت کی وہ قابل تحسین کے لائق ہیں۔ *کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر و بزنس مین سعید شفیق* نے تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے مستقبل کا دارومدار آپ کے ہاتھ میں ہے ہم سب نے اپنے ووٹوں کا صحیح اندراج کرانا ہے اور اس شہر سے تعلق رکھنے والے حقیقی نمائندوں کو ووٹ ڈال کر جتوانا ہے۔ اس موقع پر اراکین سی او سی، رکن صوبائی اسمبلی شاہانہ اشعر، ٹاؤن آرگنائزر و اراکین ٹاؤن کمیٹی و یوسی کے ذمہ داران و کارکنان اور حق پرست عوام اور علاقے سے تعلق رکھنے والی مختلف برادریوں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر 14 اگست یومِ آزادی کے سلسلے میں ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کیک کاٹا اور پرچم کشائی کرتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔
Comments are closed.