چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشان امتیاز ( ملٹری ) نے اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں قوم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور مادر وطن کی سالمیت اور دفاع کے حوالے سے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھ ستمبر ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی جرات کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے وطن کے دفاع کے لیے غیرمتزلزل بہادری، جرات مندانہ عزم اور قربانی کے اعلیٰ جذبے کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور کسی بھی جارحیت کے خلاف غیر متزلزل عزم کے لیے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔
تاریخ کے حالیہ دور میں پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے اتحادیوں، خاص طور پر امریکہ کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی قیادت کی ۔ ہم نے عصر حاضر میں دنیا کا سب سے بڑا کاؤنٹر ٹیررازم آپریشن بے مثال کامیابیوں کے ساتھ لڑا۔ پاکستان نے اس عالمی جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اور پڑوس میں امن کا خواہاں ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں میں سب سے زیادہ تعاون کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان کی افواج دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے چھیالیس امن مشنز میں تعینات ہیں اور انہوں نے عالمی امن کے لیے 168 قیمتی جانیں بھی قربان کیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کے لیے امریکہ کے ساتھ تعمیری اور مثبت انداز میں منسلک رہنے کا دلی خواہش مند ہے۔
ڈیفنس اتاشی ایمبیسی آف پاکستان بریگیڈیئر عرفان علی نے اپنے ریمارکس میں پاکستان کی مسلح افواج، نیم فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر مرد و خواتین کی قربانیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا جو اپنے حق خود ارادیت کے لیے بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔
Comments are closed.