پاک مسلح افواج مضبوطی اور سیکیورٹی کی علامت ہیں: مسعود خان

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے ہماری مسلح افواج کا مستقبل تابناک ہے۔ قوم کا ناقابل تسخیر جذبہ پاک افواج کی طاقت ہے اور وہ خطے میں امن اور سلامتی کی شمع روشن کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے اور پوری قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی مقروض ہے۔
سفیر پاکستان نے مسلح افواج کی بہادری، جرات اور استقامت کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج جو کہ بری ، بحریہ اور فضائیہ اور سٹریٹجک اور نیم فوجی دستوں پر مشتمل ہے مضبوط ترین افواج میں سے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج کی اعلیٰ قیادت اور جوان پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قابلیت کے اعلیٰ ترین معیار کے حامل ہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو ہر سال اس دھرتی کے ان بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے، کہ جنہوں نے مادر وطن کے تقدس کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں ، کے لئے منایا جاتا ہے۔ یہ دن ان ہزاروں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جو قوم کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔
تقریب کی نظامت گروپ کیپٹن سید حسن خالد کاظمی نے کی اور ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر عرفان علی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں امریکی فوج، فضائیہ اور بحریہ کے افسران، مختلف ممالک کے ڈیفنس اتاشی، اعلیٰ امریکی حکام اور سفارتی برادری کے اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تیاریوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختصر دستاویزی فلمیں چلائی گئیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ اٹھاون سال قبل آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج نے مادر وطن کا دفاع کیا اور حملہ آور کو پیچھے دھکیل دیا۔ سفیر مسعود خان نے کہا کہ آج ہم ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔
دہشت گردی کی عفریت کے خلاف جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہماری مسلح افواج اور ہماری قوم نے خون اور خزانے کی غیر متناسب اور بہت زیادہ قیمت ادا کی ہے۔
مسعود خان نے اس موقع پر جموں و کشمیر کےبہادر عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو اپنی آزادی اور آزادی کی جستجو میں دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہم 1965 کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں وہاں اس امر کا مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دیا جائے ۔ یہ خطے میں امن اور استحکام کی کلید ہے ۔
سفیر پاکستان پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے خصوصاً قیام پاکستان کے ابتدائی مراحل میں دفاع کے شعبے میں تعاون پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات خاص طور پر انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی تعاون، قدرتی آفات کے دوران امداد، انسانی امداد اور فوجی تربیت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنایا جاریا ہے ۔ دونوں فریق اس شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں ۔
اس تناظر میں مسعود خان نے کہا کہ پاکستان نیوی نے ، جو خطے کی دوسری سب سے بڑی بحری فوج ہے، میری ٹائم سیکیورٹی اور انسداد بحری قزاقی کے حوالے امریکی قیادت میں منعقدہ سی ٹی ایف 150 اور 151 میں امریکی افواج کے ساتھ شراکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ 21 مرتبہ ان ٹاسک فورسز کی کمان سنبھال چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی جانب سے منعقد کی جانب والی کثیر القومی امن مشقوں میں باقاعدگی سے شرکت کرنے پر امریکی بحریہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہماری بری فوج اور فضائیہ اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ باقاعدگی سے دو طرفہ مشقیں کرتی رہتی ہیں۔

Daily Askar

Comments are closed.