چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان انوارالحق کاکڑکی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں تاجر برادری اپنا کردار اداکرے اور بجلی چوروں کی نشاندہی کرکے اپنا قومی فریضہ پورا کرے۔ تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے میپکو دفاتر کے دروازے کھلے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق، صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز جنوبی پنجاب چوہدری طارق کریم اور چیئرمین ضلع ملتان صراف سمال ٹریڈرز خواجہ عمار یاسر سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میپکو ریجن میں صارفین کے میٹروں کی 30سے 31روز کی ریڈنگ کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور کسی بھی علاقہ میں اضافی روز کی ریڈنگ کی شکایات کی شرح صفر ہے۔ تاجر برادری معیشت میں اہم کردار اداکررہی ہے ان کے مسائل اور شکایات کا حل ضروری ہے۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کے تاجر قومی ایشو پر ایک پیج پر ہیں۔ مسائل کے حل کے لئے حکومت اورمیپکو انتظامیہ سے ہرممکن تعاون کریں گے۔ کسی بھی میپکو اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنانا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت قبول نہیں ہے ایسا کرنے میں کوئی تاجر کبھی ملوث نہیں ہوگا۔اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر ناصر ایاز گرمانی اور چیف انجینئر کسٹمرسروسز جام گُل محمد زاہد بھی موجود تھے۔
Comments are closed.