”ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی“ پر پابندی کی مذمت

0

:بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے بھارتی حکومت کی طرف سے آزادی پسند تنظیم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی کوسراسر بلاجواز اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا نام نہاد جمہوری ملک بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں جمہوری اقدار اور اصولوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری جموں وکشمیر کو ایک متنازعہ خطہ تسلیم کرتی ہے جبکہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہے، لہذا کشمیریوں کی غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد بالکل جائز اور منصفانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی تحریک مزاحمت کو طاقت کے بل پر دبانے اور آزادی پسند تنظیموں پر پابندی کا بھارتی اقدام عالمی قوانین اور اصولوں کے بھی منافی ہے۔فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی کہا کہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی بھارتی بوکھلاہٹ کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ذہن نشین کرنا چاہیے

کہ جابرانہ کارروائیوں اور اوچھے ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریکوں کو ہرگز کچلا نہیں جاسکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیموں جموں کشمیر ڈیموکریٹک پلٹکل موومنٹ، جموں کشمیر فریڈم فرنٹ، اور جموں کشمیر ایمپلائز موومنٹ نے بھی سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی(ڈی ایف پی) پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بی جے پی حکومت آزادی پسند تنظیموں پر پابندی سے اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گی۔

انہوںنے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ بھارت کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے کوشاں مقبوضہ جموںوکشمیر کی سیاسی جماعتوں پر پابندی سے روکیں۔دریںاثناکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے رہنماوں محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم، میر طاہر مسعو د،سید فیض نقشبندی، الطاف حسین وانی ،شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی ،شیخ محمد یعقوب، نثار مرزا، حسن البنا ،الطاف احمد بٹ، ، زاہد صفی، حاجی سلطان بٹ، سید مشتاق، ، عدیل مشتاق وانی، ، عبدالمجید، محمد اشرف ڈار، شیخ عبدالمجید،سید اعجاز رحمانی، ایزوکیٹ پرویز احمد، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف، گلشن احمد اور منظور احمد ڈار نے بھی اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی )پر پابندی کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر کشمیریوں کو اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کا حق دیتا ہے ، شبیر احمد شاہ کی تنظیم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی بھی مذکورہ حق کیلئے پر امن جدوجہد کر رہی ہے لہذا ان کی پارٹی پر پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت آزادی پسند تنظیموں پر پابندی سے اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گی۔

Daily Askar

Comments are closed.