کراچی رپورٹ
کراچی: ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ان کے ملک کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور وہ کھیلوں کے شعبے میں تعاون کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ سفیر نے یہ بات آر کے اسپورٹس مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو رئیس خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر البینا مرتضی بھی موجود تھیں۔
رئیس خان نے سفیر کو آر کے اسپورٹس مینجمنٹ کی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ اب تک فٹبال، ہاکی، کرکٹ، پیڈل، اسکواش، میراثن اور باکسنگ سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے کامیابی سے منعقد کر چکا ہے۔ “ہمارا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ہم خصوصی طور پر وومن کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ان کا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے آئے،” رئیس خان نے کہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آر کے اسپورٹس مینجمنٹ کو حال ہی میں یورپی فٹبال ایجنٹس ایسوسی ایشن کی رکنیت حاصل ہوئی ہے، جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو یورپ میں کھیلنے کے مواقع آسان ہوں گے۔ رئیس خان نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور ادارہ کھیلوں کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے لیے جلد ازبکستان کا دورہ کرے گا تاکہ مختلف کھیلوں کے انعقاد پر بات چیت کی جا سکے۔
سفیر علی شیر تختایف نے پاکستان کی عالمی کھیلوں میں کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ ازبکستان ان پاکستانی کمپنیوں کی مکمل حمایت کرے گا جو کھیلوں کے شعبے میں تعاون کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا شرائط میں نرمی کی گئی ہے اور پاکستان سے ازبکستان کے لیے براہِ راست پروازیں بھی شروع ہو چکی ہیں۔
سفیر نے کہا، “دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا کر معاشی ترقی حاصل کر سکتے ہیں۔ پاکستانی سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور کھلاڑیوں کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور ازبکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں۔”
Comments are closed.