سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان کا 35ویں نیشنل گیمز سے متعلق وضاحتی بیان

6

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گلگت:
35ویں نیشنل گیمز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غلط فہمیوں اور بے بنیاد الزامات کے بعد سپورٹس بورڈ گلگت بلتسان نے اپنا تفصیلی وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی کانٹیجنٹ کی تیاری مکمل طور پر منظم، شفاف اور اصولوں کے مطابق کی گئی۔

بیان کے مطابق کھلاڑیوں کے انتخاب سے قبل ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ نے صوبے کی تمام متعلقہ اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے ساتھ باضابطہ مشاورت کی، جنہوں نے اپنی سفارشات پیش کیں۔ انہی سفارشات کی روشنی میں سلیکشن کا طریقہ کار طے پایا اور ہیڈکوارٹر گلگت میں اوپن میرٹ پر ٹرائلز منعقد ہوئے، جہاں ہر کھلاڑی کو برابر موقع فراہم کیا گیا۔

سلیکشن کمیٹی نے مکمل شفافیت کے ساتھ مختلف کھیلوں کی کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، اور منتخب شدہ کھلاڑیوں کا باضابطہ ریکارڈ سپورٹس بورڈ کے پاس محفوظ ہے۔ یہی کھلاڑی کراچی میں منعقدہ 35ویں نیشنل گیمز میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ سلیکشن کے کسی بھی مرحلے پر جانبداری، ذاتی پسند یا گروہی مفادات کا کوئی عنصر شامل نہیں تھا۔

سپورٹس بورڈ نے مزید واضح کیا کہ ماضی میں بعض ایسوسی ایشنز کے اندر انتخابات نہ ہونے اور ٹرائلز میں بیرونی مداخلت جیسے مسائل کو بلاوجہ سپورٹس بورڈ سے جوڑا گیا، حالانکہ انتخاب ہمیشہ متعلقہ ایسوسی ایشنز کی سفارشات کے مطابق ہوتا ہے۔ بے بنیاد الزامات اور منفی پروپیگنڈا نہ صرف کھلاڑیوں کی محنت کو متاثر کرتا ہے بلکہ ٹیم کے مورال اور صوبے کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے، جس کی سپورٹس بورڈ سختی سے تردید کرتا ہے۔

آخر میں کہا گیا کہ سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان صوبے میں کھیلوں کے فروغ، میرٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور ہر سطح پر شفافیت کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔

مزید برآں، سوشل میڈیا پر غلط اطلاعات اور منفی مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے سپورٹس بورڈ نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) کو باضابطہ خط بھی ارسال کر دیا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.