ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ نگرانی ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک ریلی نکالی گئی

5

گوادر: ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ نگرانی ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے کی، جس میں مختلف ضلعی افسران اور ملازمین نے شرکت کی ریلی ڈی سی آفس سے شروع ہوئی، جس کے شرکاء نے “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کے دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے، تاہم اس کے باوجود وہ کشمیری عوام کے دل جیتنے میں ناکام رہا ہے، کیونکہ کشمیریوں کے دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں مقررین نے کہا کہ ملک بھر میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر منانے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈال کر کشمیریوں کو ان کا جائز حق دلانے میں مؤثر کردار ادا کرے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کبھی بھی کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکتا، اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا اور بھارت کو اپنی پالیسیوں کی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Web Desk

Comments are closed.