اسلام آباد، 8 فروری 2026: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معروف نوجوان پاکستانی کوہ پیما شاہ دولت کی ہنزہ میں آئس کلائمبنگ کے دوران حادثاتی طور پر گرنے سے وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم شاہ دولت کی جراءت، لگن اور نمایاں خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ دولت کی ناگہانی وفات نہ صرف ملک بلکہ عالمی کوہ پیمائی برادری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شاہ دولت نے کے ٹو، نانگا پربت، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو سمیت دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کر کے پاکستان کا نام روشن کیا اور اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور عزم کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کی مثبت شناخت کو فروغ دیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ شاہ دولت کی کوہ پیمائی کے شعبے میں خدمات، جذبہ اور بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے نمایاں کارنامے آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوتے رہیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
Comments are closed.