وفاقی محتسب کی معائنہ ٹیم کا آئیسکو ہیڈ آفس اسلام آباد کا دورہ
میٹروں کی غلط ریڈنگ، اضافی بلنگ اور صارفین کو درپیش شکایات کے فوری حل کی ہدایت
وفاقی محتسب کی معائنہ ٹیم کا آئیسکو ہیڈ آفس اسلام آباد کا دورہ
میٹروں کی غلط ریڈنگ، اضافی بلنگ اور صارفین کو درپیش شکایات کے فوری حل کی ہدایت
اسلام آباد — وفاقی محتسب جناب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر سینئر ایڈوائزر احمد فاروق کی سربراہی میں وفاقی محتسب کی معائنہ ٹیم نے گزشتہ روز آئیسکو ہیڈ آفس اور کسٹمرز سہولتی مرکز (Customers Facilitation Centre) کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد صارفین کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا اور آئیسکو کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کا معائنہ کرنا تھا۔
معائنہ ٹیم نے آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات کے دوران وفاقی محتسب میں موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں درج ذیل مسائل پر قابو پانے کی ہدایات جاری کیں:
-
بجلی کے میٹروں کی غلط ریڈنگ
-
اضافی بل اور ڈیٹیکشن بلز
-
خراب یا پرانے میٹروں کی تبدیلی
-
بجلی کی غیر ضروری منقطعیاں
-
ٹرانسفارمرز، کھمبے اور میٹرز کی تنصیب میں تاخیر
اس موقع پر آئیسکو انتظامیہ نے معائنہ ٹیم کو موجودہ صورتحال اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ٹیم کو بتایا گیا کہ صارفین کی سہولت کے لیے “IESCO Smart App” بھی متعارف کرائی جا چکی ہے۔ اس وقت 6 سرکلز میں 20 کسٹمرز سہولتی مراکز کام کر رہے ہیں، جبکہ ہر ڈویژن کی سطح پر مزید مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔
معائنہ ٹیم نے سہولتی مرکز کے دورے کے دوران وہاں موجود شہریوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ہی آئیسکو حکام کو ان کے فوری ازالے کی ہدایت دی۔ صارفین نے مرکز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس سہولت کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔
معائنہ ٹیم نے مرکز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ اسے مزید بہتر بنایا جائے تاکہ صارفین کو مزید آسانیاں میسر آئیں۔ دورے کی تفصیلی رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کر دی گئی ہے۔
Comments are closed.