سبی،ہرنائی ریلوے سیکشن کی دوبارہ بحالی، وفاقی وزیر ریلوے اور گورنر بلوچستان نے افتتاح کردیا

سبی (این این آئی) سبی،ہرنائی ریلوے سیکشن کی دوبارہ بحالی سے یہاں کے عام لوگوں کو سفری سہولیات میسر ہونے کے ساتھ ساتھ زمینداروں کو اپنے سبزیوں کو بروقت مقامی مارکیٹوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ بزنس کمیونٹی، معدنیات سے وابستہ کاروباری حضرات اپنے کوئلہ و دیگرمعدنیات کو ملک کے دیگر حصوں تک لے جانے میں آسانی ہوگی ۔یہ بات وفاقی وزیر برائے ریلوے سعد رفیق نے ویڈیو لنک کے ذریعے سبی میں سبی ہرنائی ریلوے سیکشن کی بحالی کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان ریلوے کے نظام کو بہتر سے بہترین بنانے کے ساتھ جتنے بھی بند ٹرین ابھی چل نہیں رہے ہیں ان کو بھی بحال کیا جائے تاکہ پاکستان ریلوے کو ایک منافع بخش ادارے میں تبدیل کیاجاسکے۔ انہوں کہا کہ موجودہ حکومت کی خصوصی دلچسپی کے باعث تاریخی سبی ہرنائی ریلوے سیکشن کے لائن کو دوبارہ بحال کرکے ریلوے ٹرین کا آغاز ہورہا ہے۔ قبل ازیں ڈی ایس ریلوے فرید احمد نے وفا قی وزیر کو بریفنگ دیتے کہا کہ پہلے مرحلے میں سبی سے کوچالی ریلوے سیکشن پر 16 جون سے محکمہ ریلوے، این ایل سی اور سیکورٹی فورسز نے انتھک محنت اور کھٹن حالات میں دوبارہ مرمت کرکے ٹرین سروس بحال کیا ہے۔جبکہ دوسرے مرحلے میں کوچالی سے ہرنائی اور کھوسٹ کے لئے ٹرین سیکشن کی بحالی پر کام شروع ہوگا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے اینٹی نارکوٹکس فورس نواب زادہ شاہزین بگٹی، ممبر صوبائی اسمبلی نصیر شاہوانی، گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ کے ریلوے حکام کے علاوہ ضلعی انتظامیہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان نے فیتہ کاٹ کر ریلوے لائن کا افتتاح کیا۔

Daily Askar

Comments are closed.