گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی زیرصدارت یونیورسٹی آف صوابی کی 12ویں سینٹ کااجلاس منگل کے روز گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں یونیورسٹی آف صوابی کی گزشتہ سینٹ اجلاس کے منٹس منظوری کیلئے پیش کیے گئے، اس کے علاوہ یونیورسٹی کیجانب سے انسپکشن ٹیم کی انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد سے متعلق پراگریس رپورٹ بھی پیش کی گئی، یونیورسٹی اسٹیوٹس 2016۔2017 میں ترمیم،یونیورسٹی کے فنانشل ریسورس ڈیویلپمنٹ پلان 2023 اور یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کی گئی۔اجلاس میں یونیورسٹی اسٹیوٹس میں ملازمین کی عمر میں رعایت کا معاملہ اسٹینڈنگ کمیٹی فار ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا۔اس موقع پر گورنر نے کہاکہ صوبہ کے مجموعی معاشی حالات درست نہیں ہیں،صوبہ کی جامعات اپنے وسائل میں اضافہ اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھیں، صوبائی حکومت سالانہ 56 ارب روپے تنخواہوں کی مد میں ادا کر رہی ہے،تعلیمی اداروں کو مالی مسائل سے نکلنے کیلئے اپنے وسائل پیدا کرنا ہونگے۔انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ صوبہ کی جامعات تعلیمی، انتظامی و مالی امور میں کامیابی کیجانب گامزن ہوں،یونیورسٹیوں سے نوجوان نسل تیار ہوتی ہے، صوبے کی تمام جامعات کو جدید ریسرچ پر خصوصی توجہ دینی ہوگی تاکہ نوجوان نسل جدید علوم سے آراستہ ہو کرملکی ترقی وخوشحالی میں موثرکردار ادا کرسکے۔اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف صوابی ناصر جمال خٹک، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر مظہر ارشاد سمیت محکمہ خزانہ، محکمہ اعلٰی تعلیم، محکمہ اسٹیبلشمنٹ، ایچ ای سی کے نمائندے سمیت سینٹ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں گورنر حاجی غلام علی نے اسلامی جمہوریہ ایران قونصلیٹ جنرل پشاور کا دورہ بھی کیا۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔گورنرنے ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ سے ملاقات کی اورایرانی قونصل جنرل سے ایران کے شہر کرمان میں دھماکوں میں ہونیوالی شہادتوں پر تعزیت کااظہارکیا۔گورنر نے دھماکوں میں 100 سے زائدشہادتوں پر اپنی اور خیبرپختونخوا کے عوام کیجانب سے افسوس اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اورایران دھماکوں کے شہداء کی درجات بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔گورنرنے کہاکہ ایران دھماکوں میں بیگناہ قیمتی انسانوں کے ضیاع پر ایران حکومت و ایرانی عوام سے اظہار تعزیت کرتا ہوں،واقعہ انتہائی افسوسناک و قابل مذمت ہے،پاکستان اور بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام ایرانی عوام کے دکھ و غم میں برابر کی شریک ہیں۔ایرانی قونصل جنرل نے قونصلیٹ تشریف آوری، تعزیت کرنے اور حوصلہ دینے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ایران اور پاکستان دونوں برادر اسلامی ہمسایہ ممالک ہیں اورایک دوسرے کی خوشی وغمی میں برابر کے شریک ہیں۔#
Comments are closed.